کراچی (اسٹاف رپورٹر ) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے زیرِ تعمیر ناتھا خان لنک روڈ کا دورہ کیا اور منصوبے پر جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے سڑک جلد شہریوں کے لیے کھولنے کا اعلان کیا، میئر کراچی نے کہا کہ ناتھا خان لنک روڈ کی تکمیل سے شارع فیصل کو گلستانِ جوہر سے منسلک کرنے میں مدد ملے گی جس سے شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی اور مرکزی شاہراہوں پر ٹریفک کا دباؤ کم کرنے میں بھی معاونت ملے گی، میئر نے کہا کہ کراچی کو ایسے مزید لنک روڈز کی ضرورت ہے جن کی تعمیر کے لیے بلدیہ عظمیٰ کراچی کام کررہی ہے، شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا اور ٹریفک کے مسائل کم کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے انہوں نے کہا کہ سول اسپتال کے اطراف چاند بی بی روڈ کی تعمیرِ نو کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے جہاں سڑک کی تعمیر سے قبل سیوریج اور نکاسی آب کے مسائل حل کیے گئے ہیں تاکہ تعمیراتی کام پائیدار بنیادوں پر مکمل کیا جاسکے اور شہریوں کو دوبارہ انہی مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے چنیسر ٹاؤن میں پی ای سی ایچ ایس بلاک۔6 کی اندرونی گلیوں کی تعمیرِ نو کا کام بھی جاری ہے تاکہ رہائشیوں کو بہتر سڑکوں کی سہولت فراہم کی جاسکے۔