اسلام آباد (طاہر خلیل، جنگ نیوز )چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے برازیل کے مسلح افواج کے چیف آف دی جوائنٹ چیفس آف سٹاف، ایڈمرل ریناٹو روڈریگز ڈی اگویار فریرے کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی وفد نے پیر کو جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی،ملاقات میں پاکستان اور برازیل کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات پراطمینان کا اظہارکیا گیا جبکہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا، اس دوران علاقائی سکیورٹی کی صورتحال اورمشترکہ دلچسپی کے دیگر معاملات بھی زیر بحث آئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جی ایچ کیو آمد پر معزز مہمان کو مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا،ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی و سکیورٹی تعاون بڑھانے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔