کراچی (این این آئی) سندھ ہائیکورٹ نے نجی اسکولوں کو گرمیوں کی چھٹیوں کی فیس ایک ساتھ وصول کرنے سے روک دیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ جون اور جولائی کی فیس کی ادائیگی کیلئے الگ الگ تاریخیں مقرر کی جائیں۔عدالت نے کتابوں اور یونیفارم کا معاملہ دو ہفتوں میں حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ سندھ ہائیکورٹ میں کلفٹن کے ایک نجی اسکول کیخلاف شہری وقار کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت ہوئی، جس میں چھٹیوں کی فیس، کتابوں اور یونیفارم سے متعلق معاملات اٹھائے گئے۔ سماعت کے دوران سرکاری وکیل اور ڈائریکٹوریٹ آف پرائیویٹ اسکولز کا نمائندہ پیش ہوا۔درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ نجی اسکول گرمیوں کی چھٹیوں کی فیس وصول کرنے کیلئے بچوں کو بیک وقت دو دو فیس واؤچر جاری کرتے ہیں اور اس حوالے سے اپریل ہی سے نوٹس دینا شروع کردیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چھٹیوں کے دوران تعلیمی سرگرمیاں نہ ہونے کے باوجود فیس وصول کرنا قانون کیخلاف ہے۔