ییچانگ، ہوبے، چین (نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پیر کے روز دریائے یانگسی پر واقع دنیا کے معروف تھری گورجز ڈیم کا دورہ کیا، جہاں انہیں پن بجلی کی پیداوار، سیلاب پر قابو پانے، پانی ذخیرہ کرنے اور دریا کے انتظام کے حوالے سے چین کے تجربات پر بریفنگ دی گئی۔ مراد علی شاہ نے سندھ میں چینی ماڈل اپنانے کا جائزہ لیا، ڈیلٹا کے تحفظ اور سیلاب پر قابو پانے پر زور دیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے صوبائی وزراء؛ شرجیل انعام میمن، جام خان شورو، محمد بخش خان مہر، معاونِ خصوصی سید قاسم نوید اور سینئر افسران پر مشتمل اعلیٰ سطح وفد کی قیادت کرتے ہوئے ڈیم کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر چینی حکام نے دنیا کے سب سے بڑے پن بجلی گھر کی منصوبہ بندی، تعمیر اور آپریشن کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ حکام نے وفد کو بتایا کہ تھری گورجز ڈیم کی تعمیر تقریباً دو دہائیوں میں مکمل ہوئی اور اسے 2012ء میں مکمل کیا گیا۔ اس ڈیم کی بجلی پیدا کرنے کی نصب شدہ صلاحیت 22,500 میگاواٹ ہے، جبکہ یہ سالانہ 100 ٹیراواٹ گھنٹے سے زیادہ بجلی پیدا کرتا ہے۔ صاف توانائی کی پیداوار کے علاوہ یہ منصوبہ دریائے یانگسی کے ساتھ سیلاب پر قابو پانے اور اندرونِ ملک آبی نقل و حمل کے لئے بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ بریفنگ کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے پانی ذخیرہ کرنے، سیلابی صورتِ حال کو منظم کرنے اور آبی حالات کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی کے مربوط نظام میں خصوصی دلچسپی ظاہر کی۔