اسلام آباد(آئی این پی) اسلام آباد میں خودکشی کرنے والی گولڈ میڈلسٹ طالبہ لائبہ اعجاز کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، گرفتار ملزم نعمان نے طالبہ کے ساتھ فراڈ کا اعتراف کر لیا۔ملزم نعمان نے خود کو ایک اعلی افسر بتا کر اسٹڈی ویزے پر امریکا بھجوانے کا جھانسہ دیا،جعلی اکاؤنٹس اورAI دستاویزات کے ذریعے 50لاکھ روپے کی خطیر رقم دھوکے سے ہتھیائے۔متوفی کے والد کا بیان ہے کہ ملزم کے ساتھ فراڈ میں ایک عائزہ نامی لڑکی بھی شامل تھی، عائزہ میری بیٹی سے رابطہ کرکے رقم کا مطالبہ کرتی تھی۔ ذرائع کے مطابق ملزم نعمان کا لائبہ سے رابطہ دوست عائزہ کے ذریعے رواں سال فروری میں ہوا تھا۔ لائبہ اعجاز نے عائزہ کے ساتھ ملکر آن لائن ٹک شاپ کا کام شروع گیا لیکن لائبہ اعجاز اور عائزہ کا آن لائن ٹک شاپ کا کام نہیں چل سکا تھا۔ نعمان کی دوست عائزہ فاطمہ کا ایک بھائی امریکا میں مقیم ہے، لائبہ اعجاز نے عائزہ سے امریکا کا ویزا لگوا کر دینے کی بات کی تھی۔ذرائع کے مطابق ملزم نعمان نے دوسرے نمبر سے عائزہ بن کر لائبہ سے رابطہ کیا، ملزم نعمان نے عائزہ کے بھائی اظہر کے نام سے جعلی جی میل اکاونٹ کھولا اور دونوں جعلی اکاونٹس کے ذریعے رابطے میں رہا۔ ملزم نعمان نے لائبہ کے اسٹوڈنٹ ویزا کی دستاویزات اے آئی سے تیار کیں۔ملزم نعمان کی طالبہ لائبہ سے چیٹ کا کچھ حصہ حاصل کر لیا گیا ہے۔