• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حوثیوں کا رویہ بہت برا، ٹرمپ، سعودیہ کے ساتھ ہیں، اردوان کی MBS کو یقین دہانی

صنعاء(اے ایف پی /نیوزڈیسک )آبنائے ہرمز میں 2جہازنشانہ ‘جہازوں پر حملے جنگ کے دوران اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے‘محمد بن سلمان کی زیر صدارت سعودی کابینہ نے اعلان کیاہے کہ حوثیوں کو سعودی عرب پر حملوں کے نتائج بھگتنا ہوں گے جبکہ سعودی فوجی اتحاد نے صنعا ء‘الحدیدہ اور ذمار میں آئل تنصیبات کو نشانہ بنانے اورانصاراللہ کی جانب سے دمام اور حرض کی طرف داغے گئے دو میزائلوں کو فضا میں تباہ کرنے کا دعویٰ کیاہے ‘حوثی وزارت صحت نے دعویٰ کیاکہ حدیدہ میں دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں‘دوسری جانب حوثی گروہ کی جانب سے سعودی شہر ظہران میں آرامکو ہیڈکوارٹرکو نشانہ بنایا گیاہے جبکہ ریاض میں زوردار دھماکےسنے گئے ہیں ‘ ترک صدر طیب اردوان کا سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ٹیلی فونک پررابطہ ہوا ‘صدراردوان نے ایم بی ایس سے کہا کہ انقرہ حوثیوں کے خلاف سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے‘انہوں نے سعودی ولی عہد کو یقین دلایا کہ اس چیلنج پر قابو پا لیا جائے گا جبکہ صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ حوثیوں کا رویہ بالکل ٹھیک نہیں‘ یہ بہت براہے ‘ ترک صدر کو حوثیوں کے خلاف کارروائی کا کہہ سکتا ہوں‘میرا خیال ہے کہ طیب اردوان وہی کچھ کریں گے جو میں ان سے کرنے کو کہوں گا‘ ایران سے متعلق بہت جلدفیصلہ کریں گے ‘روس اور چین ایران کی مددنہیں کررہے ‘ اگر ماسکو اور بیجنگ نے تہران کی مدد کی تو انہیں اس کی بھاری قیمت چکانا پڑ سکتی ہے‘ایرانی حکومت کی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے تصدیق کی ہے کہ تہران جنگ کے تمام ممکنہ حالات سے نمٹنے کیلئے تیار ہےجبکہ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے واضح کیا ہے کہ ایران دشمن کی کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں استعمال کرے گا۔ بین الاقوامی تنظیم ہلالِ احمر نے خبردار کیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری لڑائی کے شہریوں پر تباہ کن اثرات ہو سکتے ہیں‘ تفصیلات کے مطابق سعودی کابینہ نے عزم ظاہر کیا ہے کہ مملکت کی سلامتی اور بحیرۂ احمر میں بحری جہاز رانی کو کسی بھی خطرے سے دوچار نہیں ہونے دیا جائے گا۔

اہم خبریں سے مزید