• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کیلئے 100 کلومیٹر طویل K-4 پائپ لائن کی تعمیر، چینی کمپنی آمادہ

ووہان، چین(جنگ نیوز ) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے چینی کمپنیوں کو سندھ کے آبی وسائل، زراعت اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کراچی کے لیے 100 کلومیٹر طویل کے-فور پائپ لائن کی تعمیر، سکھر بیراج کی بحالی اور موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے والی فصلوں کی اقسام تیار کرنے میں تعاون کی خواہش ظاہر کی ہے۔ ووہان کے علاقے ہانیانگ میں واقع ایچ بی ایس زیڈ (HBSZ) کمپنی کے دورے کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے کے-فور پائپ لائن منصوبے پر تبادلہ خیال کیا اور سکھر بیراج کی بحالی اور جدید کاری کے لیے تیار کیے جانے والے دروازوں کا معائنہ کیا۔ حکام کے مطابق، ایچ بی ایس زیڈ نے 100 کلومیٹر طویل پائپ لائن کی تعمیر پر آمادگی ظاہر کی ہے، جبکہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ہدایت کی کہ منصوبے پر جلد از جلد کام شروع کیا جائے۔ وزیراعلیٰ سندھ کو سکھر بیراج بہتری منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ یہ منصوبہ چائنا روڈ اینڈ برج کارپوریشن اور ایچ بی ایس زیڈ کے مشترکہ منصوبے کے تحت جاری ہے۔ حکام کے مطابق، سکھر بیراج کے دریائی پانی کے بہاؤ کو کنٹرول کرنے والے 54 دروازوں میں سے 44 اور ان کے آپریٹنگ سسٹم تبدیل کرکے فعال کر دیے گئے ہیں، جبکہ متعلقہ مقامات پر تعمیراتی مرمت کا کام بھی مکمل ہو چکا ہے۔ باقی 10 دروازے تیار کر لیے گئے ہیں اور انہیں جلد چین سے پاکستان منتقل کیا جائے گا۔ چینی حکام نے بتایا کہ ان بڑے دروازوں میں سے ہر ایک کا وزن 50 ٹن سے زیادہ ہے۔

اہم خبریں سے مزید