اسلام آباد (صباح نیوز ، عاصم جاوید ) قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی اور قائد حزب اختلاف سینٹ علامہ راجہ ناصر عباس سے امیر جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمن کی قومی اسمبلی اپوزیشن چیمبر میں ملاقات ہوئی، جبکہ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سربراہ جے یو آئی نے کہا ہے کہ استعفوں کا کوئی آپشن نہیں رکھا، مسائل کا حل گورنر راج نہیں، ادھر متحدہ اپوزیشن کی پارلیمانی پارٹی نے اجلاس میں خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ، منتخب حکومت کے خاتمے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق محمود اچکزئی اور ناصر عباس سےمولانا فضل الرحمن کی ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال ، خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے حوالے سے حوالے سے اہم مشاورت کی گئی ۔ بعد ازاں مولانا فضل الرحمن نے پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ استعفوں کا کوئی آپشن نہیں رکھا، اپوزیشن کے ساتھ مشاورت کرینگے۔