• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ سندھ کی ہوبے قیادت سے ملاقات، وسیع تعاون بڑھانے پر اتفاق

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے چین کے صوبہ ہوبے کے دورہ کے دوران ووہان میں گورنر لی ڈیان شون اور پارٹی سیکریٹری سے ملاقات کی جس میں زراعت، ٹیکنالوجی، تجارت اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور سی پیک کے اگلے مرحلے میں مشترکہ مواقع پیدا کرنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ سینٹرل چائنا نارمل یونیورسٹی میں اساتذہ کی تربیت، ڈیجیٹل تعلیم، چینی زبان، مشترکہ تحقیق،تعلیمی شراکت داری کے لئے چار نکاتی فریم ورک پیش کیا اورنوجوانوں کو مستقبل کا پل قرار دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے اعلیٰ سطح وفد کی قیادت کرتے ہوئے بدھ کے دن ووہان میں صوبہ ہوبے کے گورنر لی ڈیان شون اور کمیونسٹ پارٹی کے صوبائی سیکریٹری گوان شیاؤتاؤ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور چین کی دیرینہ دوستی کو ٹھوس سماجی و اقتصادی ترقی کے منصوبوں میں تبدیل کرنے، تجارت کو فروغ دینے اور عوامی سطح پر روابط مزید مستحکم کرنے پر توجہ دی گئی۔ ہوبے کے گورنر لی ڈیان شون نے کہا کہ ہوبے جدید زراعت، ڈیجیٹل صنعتوں، فنی تربیت اور کاروباری اداروں کے درمیان شراکت داری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے پُرعزم ہے۔ اس تعاون سے چین پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک) کے اگلے مرحلے میں باہمی فائدے اور ترقی کے نئے مواقع پیدا کئے جا سکتے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ہوبے کے کاروباری اداروں کو سی پیک کے اگلے مرحلے میں بھرپور شرکت کی دعوت دی، بالخصوص ماحول دوست ترقی، زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے، ہنرمندی کے فروغ اور کاروباری اداروں کے درمیان شراکت داری کے شعبوں میں سرمایہ کاری اور تعاون کی حوصلہ افزائی کی۔وزیراعلیٰ سندھ نے باغبانی کی فصلوں سے متعلق تحقیق میں جاری تعاون اور جدید، ذہین اور ڈیجیٹل زراعت کے لئے مشترکہ لیبارٹری کے قیام کو خوش آئند قرار دیا۔
اہم خبریں سے مزید