کراچی(رفیق مانگٹ)تقریباً نصف برطانوی شہریوں نے کہا ہے کہ وہ کسی بھی صورت اپنے ملک کے لیے جنگ نہیں لڑیں گے، 51 فیصد نے دفاعی اخراجات میں اضافے کی حمایت کردی-48 فیصد برطانوی کسی بھی صورت ہتھیار اٹھانے پر آمادہ نہیں،برطانیہ میں دفاعی اخراجات بڑھانے کی حمایت 28 سے بڑھ کر 51 فیصد ہوگئی، برطانوی اخبار کے مطابق روس، چین اور ایران سے متعلق بڑھتے خدشات کے باوجود شہریوں کی جنگ میں حصہ لینے کی آمادگی میں گزشتہ سال کے مقابلے میں کوئی نمایاں تبدیلی نہیں آئی-عوامی رائے کے ادارے اِپسوس کے سروے کے مطابق، 48 فیصد برطانوی شہریوں نے کہا کہ کوئی بھی ایسی صورت حال نہیں جس میں وہ اپنے ملک کے لیے ہتھیار اٹھائیں، جبکہ 36 فیصد نے کہا کہ کچھ حالات میں وہ جنگ لڑنے کے لیے تیار ہوں گے۔ اپریل 2025 میں جنگ لڑنے پر آمادگی ظاہر کرنے والوں کی شرح 35 فیصد تھی۔سروے کے مطابق، مردوں کے علاوہ کسی بھی گروہ میں جنگ لڑنے کے لیے آمادہ افراد کی شرح انکار کرنے والوں سے زیادہ نہیں تھی۔ مردوں میں 48 فیصد نے کہا کہ وہ بعض حالات میں جنگ لڑ سکتے ہیں۔