کراچی ( اسٹاف رپورٹر) شنگھائی میں سندھ سرمایہ کاری کانفرنس، چین کے ساتھ 34سے زائد معاہدے، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی چینی سرمایہ کاروں کو سندھ میں صنعت، زراعت، توانائی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت، 10 سالہ ٹیکس چھوٹ سمیت دیگر مراعات کا اعلان، معاہدوں پر عمل درآمد کے لئے خصوصی نظام قائم کردیا، ہر معاہدے کیلئے فوکل پرسن مقرر، اعلی سطح پر جائزہ لیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کے زیر اہتمام شنگھائی میں سرمایہ کاری کانفرنس میں سندھ کے جغرافیائی مقام، سمندری اور فضائی رابطوں کے وسیع نیٹ ورک، مسابقتی افرادی قوت کی لاگت اور ہنرمند کارکنوں کو اجاگر کیا گیا۔ اس کے نتیجے میں گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ (جی ٹو جی) اور بزنس ٹو بزنس (بی ٹو بی)کی سطح پر 34 سے زائد معاہدے اور مفاہمتی یادداشتیں طے پائیں۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے دیگر مواقع کے علاوہ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون کو ایک اہم منصوبے کے طور پر پیش کیا۔ ایک روزہ سندھ انویسٹمنٹ کانفرنس میں تقریباً 400 مندوبین نے شرکت کی، جن میں سرمایہ کار، کاروباری رہنما، چینی کمپنیوں اور مالیاتی اداروں کے نمائندے شامل تھے۔