• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کمشنر ملتان ڈویژن کا علامہ اقبال پارک، محمدی پارک اور ریل بازار کا دورہ

ملتان (سٹاف رپورٹر) کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ کے ہمراہ علامہ اقبال پارک، محمدی پارک اور ریل بازار کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی، بحالی اور بیوٹیفکیشن کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ کمشنر ملتان ڈویژن نے پارکس میں چار دیواری، سپورٹس کورٹ، واکنگ ٹریک، ٹف ٹائلز اور جھولوں کی تنصیب کے کاموں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ نے پارکس کی تعمیر و بحالی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے علامہ اقبال پارک میں لینڈ سلائیڈز کو ہموار اور خوبصورت انداز میں ترتیب دینے اور ان پر لرننگ تھیمز متعارف کرانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ لینڈ سلائیڈز کو رنگا رنگ اور دیدہ زیب بنایا جائے تاکہ پارک کی خوبصورتی میں اضافہ ہو۔ انہوں نے پارک میں بہترین معیار کی گھاس اور موسمی پھول جلد لگانے کی بھی ہدایت کی تاکہ شہریوں کو صحت مند اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔ کمشنر ملتان ڈویژن نے محمدی پارک میں زیرِ زمین واٹر سٹوریج ٹینک، پارک اور میونسپل لائبریری کی بحالی کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے لائبریری میں موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق مقابلے کے امتحانات کی تیاری کے لیے الگ سیکشن قائم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں کے طلبہ و طالبات کو لائبریری کی جانب راغب کیا جائے اور انہیں مقابلے کے امتحانات کی تیاری کے حوالے سے رہنمائی فراہم کی جائے۔ کمشنر ملتان نے انتظامی افسران کو ہدایت کی کہ وہ یونیورسٹیوں کے طلبہ و طالبات کے ساتھ باقاعدگی سے انٹرایکشن کریں اور ان کی تعلیمی و پیشہ ورانہ رہنمائی میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے لائبریری کے سامنے کارپیٹڈ گھاس بچھانے اور بینچز نصب کرنے کی بھی ہدایت کی۔
ملتان سے مزید