• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گورنر راج میں حصہ نہ ملنے پر ایک رہنما ناراض، محسن نقوی، JUI نے گورنر شپ کا مطالبہ نہیں کیا، رانا ثناء

لاہور ، کراچی، اسلام آباد(نیوز ایجنسی، نیوز ڈیسک، طاہر خلیل) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ گورنر راج میں حصہ اور گورنر شپ نہ ملنے پر ایک سیاسی جماعت کے سربراہ شدید ناراض ہیں، ایسے سیاستدانوں کو دوسروں پر انگلیاں اٹھانا زیب نہیں دیتا جو ماضی میں کئی دہائیوں تک اسٹیبلشمنٹ کے سہارے سیاست کرتے رہے۔ لاہور میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ یہ وہی سیاستدان ہیں جو اپنی سیاسی جماعت کے ہوائی ٹکٹ بھی اسٹیبلشمنٹ سے بنواتے تھے۔وزیرِ اعظم کے سیاسی امور کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت سے کبھی بھی کسی صوبے کی گورنر شپ کا مطالبہ نہیں کیا۔ایک انٹرویو میں رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ محسن نقوی نے اپنے بیان میں کسی کا بھی نام نہیں لیا، مجھے نہیں لگتا نقوی نے مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے کوئی بات کی، مولانا نے گورنر راج کی تائید یا مخالفت نہیں کی۔قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کسی کا نام لئے بغیر کہا کہ سیاسی اختلاف اپنی جگہ لیکن غیر شائستہ زبان اور الزام تراشی کے بجائے دلائل اور حقائق کی بنیاد پر بات ہونی چاہیے۔

اہم خبریں سے مزید