• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر آصف زرداری کا فلسطینی کاز کیلئےسیاسی، سفارتی، اخلاقی حمایت جاری رکھنے کا عزم

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)صدر مملکت آصف علی زرداری نےفلسطینی کاز کے لیے پاکستان کی سیاسی، سفارتی، انسانی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ اور بااثر عالمی طاقتوں پر زور دیا ہے کہ وہ محض تشویش کے اظہار سے آگے بڑھتے ہوئے جون 1967سے قبل کی سرحدوں پر مبنی القدس الشریف کے دارالحکومت کے ساتھ ایک آزاد، خودمختار، قابل عمل اور متصل فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے قابل اعتبار سیاسی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے ٹھوس اور بامعنی اقدامات اٹھائیں، مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کے بغیر ممکن نہیں۔انہوں نے یہ بات فلسطینی عوام سے یکجہتی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہی۔ صدر مملکت نے اس موقع پر فلسطینی عوام اور ان کی آزادی، وقار اور حق خودارادیت کی جائز جدوجہد کے لیے پاکستان کی اصولی اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں شہریوں کی جانوں کا المناک ضیاع ،گھروں اور بنیادی ڈھانچے کی تباہی، جبری بے دخلی اور اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کے ساتھ جاری انسانی بحران انتہائی تشویش کا باعث ہے۔ فلسطینی عوام کے مصائب عالمی برادری کی جانب سے ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے میں ناکامی کے بھی مظہر ہیں۔انہوں نے کہا کہ مغربی کنارے کی صورتحال بھی اتنی ہی پریشان کن اور تشویشناک ہے جہاں آبادکاروں کے بڑھتے ہوئے تشدد، غیر قانونی بستیوں کی توسیع اور الحاق کی کوششوں نے امن کے امکانات کو مزید نقصان پہنچایا ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ فلسطین کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی ہماری قومیت کی بنیادوں میں پیوست ہے۔
اہم خبریں سے مزید