کراچی(نیوز ڈیسک) پشاور میں اسکول سانحہ کےبعدغم سے نڈھال خاندانوں کی آہوں اور سسکیوں سےغم شہر کی فضا سوگوار ہے، جاں بحق بچوں کے گھرتعزیت کیلئے آنے والوں کا تانتا بندھا ہوا ہے۔ اسکول حادثے میں جاں بحق ہر بچے کی ایک نئی کہانی تھی، کہیں باپ بچوں کے اسکول جاتے وقت سوتا رہ گیا، بچے اسکول سےتابوت میں گھر آئے،کہیں سوگوارباپ کویہ قلق ہےکہ اس کی بیٹی اسے بہت جلدی چھوڑ کر چلی گئی کہیں بھائی کا واویلا تھا کہ انہیں نہیں معلوم تھاکہ اسکول بھیجنے کا انجام ایسا نکلے گا۔