اسپین سے تعلق رکھنے والے ایک اسکیٹ بورڈر نے کینیڈا میں ڈھلوان پر اسکیٹنگ کرتے ہوئے 94.34 میل فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کرکے گنیز ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز نے تصدیق کی ہے کہ 27 سالہ ڈیاگو پونسیلیٹ نے ڈھلوان پر کھڑے ہوکر اسکیٹ بورڈ چلانے کی تیز ترین رفتار کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
انہوں نے کینیڈا کے صوبے کیوبیک کے علاقے شارلووکس میں روٹ دی ایبومینٹس کے ایک بند حصے پر یہ حیران کن رفتار حاصل کی۔
ڈیاگو پونسیلیٹ نے ریکارڈ بنانے کے لیے اسی مقام کا انتخاب کیا جہاں اس سے قبل بھی یہ ریکارڈ قائم کیا گیا تھا، ان کے مطابق اپنی پہلی آزمائشی رن کے دوران 91.27 میل فی گھنٹہ کی زیادہ سے زیادہ رفتار حاصل کی تھی، جو ریکارڈ توڑنے کے لیے کافی تھی۔ تاہم انہوں نے بہتر موسمی حالات کے انتظار میں مزید پانچ دن گزارے اور 22 ستمبر کو 94.34 میل فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کر لی۔
پونسیلیٹ نے کہا کہ میں نے کبھی خود بھی پوری طرح تسلیم نہیں کیا تھا کہ میرا اصل ہدف 93 میل فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کرنا ہے، کیونکہ مجھے ڈر تھا کہ شاید ایسا کرنا ممکن نہ ہو۔