کراچی (اسٹاف رپورٹر )ڈیفنس میں ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کے سونے کی مبینہ ڈکیتی کا ڈراپ سین، واقعہ میں ملوث ڈرائیور اور ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا، 24 گھنٹے کے اندر گاڑی اور سامان برآمد ، خاندانی تنازع پر خاتون نے اپنے ڈرائیور کے ذریعے ڈکیتی کا ڈرامہ رچایا۔پولیس نے بتایا کہ ساحل پولیس کو گزشتہ روز اطلاع موصول ہوئی کہ ساحل کے قریب کار سوار ملزمان شہری سے ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کا سونا اور موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے ہیں۔اطلاع ملنے پر ساحل پولیس نے ایس ڈی پی او درخشاں کی سربراہی میں فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کی۔سی سی ٹی وی فوٹیجز اور تکنیکی بنیادوں پر تفتیش کے ذریعے 24 گھنٹے سے بھی کم وقت میں واقعہ میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر کے گاڑی اور سامان برآمد کر لیا گیا۔مزید تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ واقعہ مبینہ ڈکیتی کا نہیں بلکہ خاندانی تنازع سے متعلق تھا۔ابتدائی تفتیش کے مطابق عائشہ نامی خاتون نے اپنے ڈرائیور حیدر کے ذریعے مبینہ طور پر ڈکیتی کا ڈرامہ رچایا۔