کراچی ( اسٹاف رپورٹر )لیاری گینگ وار کمانڈر کے بیٹے کا نوجوان کے ساتھ انسانیت سوز سلوک، موبائل ویڈیو سامنے آگئی۔ نوجوان کو برہنا کرکے رسیوں سے باندھ کر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔تشدد کرنے والےشخص نے پہلے چمڑے کی بیلٹ سے نوجوان پر تشدد کیا، رسیوں سے جکڑے نوجوان کو ڈنڈے سے بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔متاثرہ نوجوان کی گردن، پاؤں اور بازو کو رسیوں سے باندھا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔نوجوان کو برہنا کرکے تشدد کرنے والا شخص مبینہ طور پر گینگ وار کمانڈر بابا لاڈلہ کا بیٹا ہے۔واقعہ لیاری پھول پتی لین میں 11 اکتوبر کو پیش آیا۔پولیس کے مطابق اہل خانہ نے 14اکتوبر کو مقدمہ درج کروایا۔ مقدمے میں گینگ وار کمانڈر بابا لاڈلہ کے دو بیٹوں سمیت سات افراد کو نامز کیا گیا ہے۔ واقعہ کا مقدمہ اقدام قتل، اغوا کی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔ مقدمہ متاثرہ نوجوان غلام نبی کے ماموں کی مدعیت میں بغدادی تھانے میں درج کیا گیا ہے۔ متاثرہ نوجوان آٹھویں جماعت کا طالب علم ہے۔