• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ کا نیتن یاہو کی آئندہ انتخابات میں مکمل حمایت کا اعلان


فوٹو: رائٹرز
فوٹو: رائٹرز 

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کی آئندہ انتخابات میں مکمل حمایت کا اعلان کردیا۔ نیتن یاہو اگلے ہفتے ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں کامیابی کے لیے کوشاں ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے نیتن یاہو کو ایک عظیم وزیراعظم اور ایران کیخلاف جنگ کے دوران حملوں میں امریکا کا ساتھ دینے پر بہترین شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران کو فوجی اور مالی طور پر منظم انداز میں تباہ کیا، ایران نے اپنا طرزِ عمل تیزی سے نہ بدلا تو ہم جلد کام مکمل کردیں گے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ نیتن یاہو نے شدید مخالفت کے باوجود ہمت اور بہادری کا مظاہرہ کیا، حتیٰ کہ اسرائیل کے اندر سے ہونے والی مخالفت کے باوجود وہ ڈٹے رہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ مشکل ترین حالات میں بھی نیتن یاہو دباؤ کے سامنے نہیں جھکے بلکہ مزید مضبوط ہوئے اور آج بھی اسی طاقت کے ساتھ کھڑے ہیں۔

امریکی صدر نے اسرائیل کے عوام کے نام پیغام میں کہا کہ وہ اسرائیلی وزیراعظم کے آئندہ انتخابات میں دوبارہ انتخاب کے لیے نیتن یاہو کی مکمل اور غیر مشروط حمایت کرتے ہیں۔

دوسری جانب ٹرمپ کی حمایت سے نیتن یاہو اور ان کی دائیں بازو کی جماعت لیکوڈ کو انتخابی فائدہ ملنے کے امکانات غیر یقینی ہیں۔ ایران کے معاملے پر امریکا اور اسرائیل کے درمیان اختلافات کے باعث اسرائیلی عوام میں ٹرمپ کی مقبولیت میں کمی آئی ہے۔

رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق کسی بھی امیدوار کو حکومت بنانے کے لیے واضح برتری حاصل نہیں۔ اسرائیل میں وزیراعظم کا انتخاب براہ راست عوامی ووٹ کے بجائے پارلیمان میں اتحادی حکومت تشکیل دینے کے عمل کے ذریعے ہوتا ہے۔

یہ سات اکتوبر 2023 کو حماس کے حملے کے بعد اسرائیل میں ہونے والے پہلے انتخابات ہوں گے۔ اس حملے نے اسرائیل کو ہلا کر رکھ دیا تھا اور مشرق وسطیٰ میں شدید کشیدگی پیدا ہوئی تھی، جس کے بعد اسرائیل نے غزہ، لبنان اور ایران میں جنگی کارروائیاں کیں۔

آئندہ انتخابات فیصلہ کریں گے کہ نیتن یاہو اسرائیل کی تاریخ کے اہم ترین ادوار میں سے ایک کے بعد بھی اقتدار میں رہتے ہیں یا اعتدال پسند حریفوں کے ہاتھوں شکست کھا جاتے ہیں، جو ملک میں نئے دور کے آغاز کا وعدہ کر رہے ہیں۔

نیتن یاہو نے ٹرمپ کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ ہم مل کر مشن مکمل کریں گے۔

ٹرمپ اس سے قبل بھی امریکا کی دیرینہ روایت سے ہٹ کر دیگر ممالک کے انتخابات میں امیدواروں کی حمایت کر چکے ہیں۔ ان میں ہنگری، کولمبیا، ارجنٹینا، جاپان اور ہونڈوراس کے انتخابات شامل ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید