اسلام آباد (صالح ظافر) وزیراعظم شہباز شریف رواں ہفتے کے آخر میں ایک روزہ دورے پر پشاور جائیں گے، جہاں وہ خیبر پختونخوا کی صورتحال کا جائزہ لیں گے اور صوبے میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلۂ خیال کریں گے۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کے خاتمے کے بعد یہ وزیراعظم کا صوبائی دارالحکومت پشاور کا پہلا دورہ ہوگا۔ وزیراعظم ہاؤس کے اعلیٰ سطحی ذرائع نے اتوار کے روز جنگ کو بتایا کہ وزیراعظم نے گزشتہ جمعہ (16 اکتوبر) کو پشاور کا دورہ کرنے کا پروگرام بنایا تھا، تاہم دیگر مصروفیات کے باعث انہیں اپنا شیڈول تبدیل کرنا پڑا۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی کابینہ کے بعض دیگر وزراء بھی وزیراعظم کے ہمراہ اس دورے پر جائیں گے۔ یہ وزراء مانیٹرنگ کمیٹی کے ارکان ہیں۔ امکان ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی وزیراعظم کے وفد میں شامل ہوں گے۔