پشاور(کرائم رپورٹر)پشاور کے علاقے خزانہ میں شادی شدہ خاتون کے قتل کیس میں مقتولہ کے باپ کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس کا ملزم بھائی تاحال فرار ہے ۔ 31اگست کو گھڑی صحبت خان کے رہائشی نے اپنی بیٹی کی گمشدگی کی رپورٹ کی اور خزانہ پولیس کوبتایاکہ اس کی بیٹی مسماة (ص) شوہر سے ناراض ہوکر گئی ہے اور وہ لاپتہ ہوچکی ہے ۔ دوروز بعد باپ نے دوبارہ آکر پولیس کو بتایاکہ بیٹی مل گئی ہے اور وہ اپنی درخواست واپس لیتے ہیں تاہم ڈی ایس پی خزانہ احسان مروت کے مطابق مدعی کے بیانات میں تضاد اور چہرے کے تاثرات دیکھنے پر انہیں شک گزرااورپولیس کی تفتیشی ٹیم نے انکوائری شروع کرتے ہوئے مذکورہ علاقے گئے تووہاں مقامی افراد نے بتایاکہ خاتون کو قتل کرکے نعش مقامی قبرستان میں دفن کی گئی ہے۔علاقے میں یہ چہ مہ گوئیاں بھی ہورہی تھیں کہ مقتولہ کا رسمی نمازجنازہ گیراج میں چھپ کر ادا کیا گیا تاہم بعض کا کہنا تھاکہ جنازہ اداہی نہیں کیا گیا اور اس کی تدفین خاموشی سے کردی گئی ۔پولیس کاکہناہے کہ مجسٹریٹ کی اجازت سے قبرکشائی کرکے نعش کو پوسٹمارٹم کیلئے منتقل کیا گیاجبکہ ملزم نسیم سمیت اس کے بیٹے کیخلاف مقدمہ درج کیاگیا۔ گھڑی صحبت میں باپ بیٹے نے ملکر خاتون کوغیرت کے نام پر گولیاں ماریں ،مقتولہ کی پسند کے خلاف شادی کرائی گئی تھی۔ ایس ایچ او قاضی اکمل کے مطابق وقوعہ کی رات علاقے میں فائرنگ کی آوازسنی گئی تھی۔ مذکورہ خاتون کی کچھ ماہ قبل شادی ہوئی تاہم وہ شادی سے خوش نہیں تھی اورشوہر سے ناراض ہوکر جیسے ہی میکے آئی تو باپ بیٹے نے بحث ومباحثہ کے بعد 6گولیاں مارکربے دردی سے قتل کردیا تھا۔ گرفتارملزم سے پستول بھی برآمد کرلی گئی۔پولیس کاکہناہے کہ مقتولہ کا ایک لڑکے کے ساتھ تعلق تھا اور اس نے شادی کا سونا بھی مذکورہ لڑکے کے حوالے کیا تھاجبکہ اسے روزگار کے سلسلے میں سعودی عرب بھیجا تاہم بعدمیں لڑکے نے رقم واپس کردی تھی۔ پولیس کے مطابق دوسرے ملزم کو بھی جلدگرفتار کیاجائے گا۔