• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم این ایس زرعی یونیورسٹی ، موسمیاتی تبدیلی اورغذائی تحفظ بارے بین الاقوامی کانفرنس

ملتان (سٹاف رپورٹر) محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی میں ادارہ برائے خوراک و زراعت اقوام متحدہ کے اشتراک سے ’’کلائمیٹ اسمارٹ ایگریکلچر :پائیدار غذائی تحفظ کی جانب ایک قدم‘‘ کے موضوع پر چوتھی بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں موسمیاتی تبدیلیوں کے زرعی شعبے پر اثرات، جدید زرعی ٹیکنالوجی کے فروغ اور غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر حکمتِ عملیوں کی اہمیت اجاگر کی گئی، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی پاکستان کی زراعت کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے جس سے نمٹنے کے لیے جدید سائنسی تحقیق، پانی کے مؤثر استعمال، موسمیاتی تغیرات کے خلاف مزاحمت رکھنے والی فصلوں کی تیاری اور ماحول دوست زرعی طریقوں کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے ،جامعات، تحقیقی اداروں اور زرعی ماہرین کو مل کر ایسی عملی حکمتِ عملی وضع کرنا ہوگی جو زرعی پیداوار میں اضافے، کسانوں کی معاشی بہتری اور ملک میں پائیدار غذائی تحفظ کے حصول میں معاون ثابت ہو، چیئرمین پاکستان سائنس فاؤنڈیشن پروفیسر ڈاکٹر اکمل خان نے اپنے بیان میں کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں سائنسی تحقیق اور جدت پر مبنی زرعی حل وقت کی اہم ضرورت ہیں،وائس چانسلر غازی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد چٹھہ نے کہا کہ کلائمیٹ اسمارٹ ایگریکلچر وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ روایتی زرعی طریقے بدلتے ہوئے موسمی حالات کے تناظر میں نئے چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں۔ ماہرین نے بھی موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کے خلاف مضبوط زرعی طریقوں پر اپنی تحقیق اور نتائج پیش کیے۔دنیا کے مختلف حصوں سے شرکاء نے اپنے مقالہ پیش کیے ادارہ برائے خوراک و زراعت اقوام متحدہ کے مندوبین کی خصوصی شرکت کی۔
ملتان سے مزید