ملتان (سٹاف رپورٹر)ایمرسن یونیورسٹی میں ایوننگ الاؤنسز کی ادائیگیاں تا حال نہ ہوسکیں، اساتذہ کے معاوضے 10 ماہ سے زیر التوا ہونے کا انکشاف ہوا ہے، ذرائع کے مطابق گزشتہ سمسٹر میں تدریسی خدمات انجام دینے والےاساتذہ کے سینکڑوں اضافی لیکچرز اور امتحانی پرچوں کی مارکنگ کے معاوضے تاحال ادا نہیں کیے جا سکے،ذرائع کا کہنا ہے کہ فروری سے مئی تک جاری رہنے والے سمسٹر میں اضافی تدریسی ذمہ داریاں ادا کرنے والے اساتذہ کو کئی ماہ گزرنے کے باوجود ادائیگیاں نہیں کی گئیں۔ اساتذہ کو مبینہ طور پر فنڈز کی عدم دستیابی کا جواز پیش کیا جا رہا ہے، جس کے باعث ان میں تشویش پائی جاتی ہے ،متاثرہ اساتذہ کا موقف ہے کہ وائس چانسلر اور ان کی انتظامی ٹیم کے بعض ارکان ایوننگ الاؤنسز کی مد میں ہر ماہ لاکھوں روپے وصول کرتے رہے ہیں، موجودہ وائس چانسلر نے 30 اپریل کو عہدے کا چارج سنبھالا، اس وقت سمسٹر اختتام کے قریب تھا، لیکن اس کے باوجود تدریسی عملے کے واجبات کی ادائیگی کا مسئلہ حل نہیں ہو سکا ،ذرائع کے مطابق معاوضوں کی عدم ادائیگی اور انتظامی رویے پر تحفظات کے باعث متعدد اساتذہ نے ستمبر میں شروع ہونے والے نئے سمسٹر کے لیے ایوننگ پروگرام میں تدریسی ذمہ داریاں قبول کرنے سے گریز کیا اور دوبارہ درخواستیں جمع نہیں کرائیں، اس صورت حال سے یونیورسٹی کے تدریسی امور اور ایوننگ پروگرام کے تسلسل پر بھی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔