ملتان (سٹاف رپورٹر) سرپرست اعلیٰ چیمبر آف سمال ٹریڈرز و چیئرمین آل پاکستان انجمن تاجران خواجہ محمد شفیق نے کہا ہے کہ تاجر برادری کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے، انتخابی عمل میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کامیاب نہیں ہوئی اور انتخابات بہتر انداز میں منعقد ہوئے، نومنتخب صدر ندیم شاہ اور ان کی پوری ٹیم کو تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ موجودہ حالات میں تاجر طبقہ شدید مشکلات سے دوچار ہے، امن و امان کے بغیر کاروبار ترقی نہیں کر سکتا۔ وہ انجمن تاجران اللہ وسایا چوک تا ہیڈ ڈمری والا کے نومنتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے خطاب کر رہے تھے۔تقریب میں چیمبر آف سمال ٹریڈرز اتحاد گروپ کے صدر رانا محمد اصغر نے نومنتخب صدر ندیم شاہ، سرپرست اعلیٰ ملک فیاض ابراہیم ڈمرا، سرپرست شمس الدین، سینئر نائب صدر چوہدری وسیم، چیئرمین سید نجیب اللہ بخاری، وائس چیئرمین چاند رمضان سیال اور دیگر عہدیداران سے حلف لیا۔چیئرمین چیمبر آف سمال ٹریڈرز اتحاد گروپ ملک طاہر ڈوگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ وسایا چوک تا ہیڈ ڈمری والا کے تاجروں اور سادات برادری نے متحد ہوکر خودساختہ یونین کو مسترد کیا ہے۔صدر چیمبر آف سمال ٹریڈرز اتحاد گروپ رانا محمد اصغر نے کہا کہ انتخابی عمل کے دوران تاجروں میں بھرپور جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔نومنتخب صدر ندیم شاہ بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاجروں نے اپنے ووٹ کی طاقت سے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، اس پر پورا اترنے کے لیے وہ اپنی ٹیم کے ہمراہ ہر دکھ سکھ میں تاجروں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔تقریب سے ڈاکٹر نجیب اللہ بخاری، خالد شاہ، عرفان شاہ، عبدالرشید شاہ اور ملک فیاض ابراہیم ڈمرا نے بھی خطاب کیا۔