کراچی (ٹی وی رپورٹ)سینئر رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ہماری پارلیمانی پارٹی کو زیادہ متحرک وموثر ہونا چاہئے۔ رکن پنجاب اسمبلی احمد اقبال نے کہا کہ سیاستدان، سول سرونٹس اور ججز اشرافیہ کلبوں میں مراعات لیتے ہیں، تحقیقات جاری ہیں۔ سینئر صحافی کامران یوسف نے کہا کہ یمن تنازع سے پاکستان کی ثالثی مشکل ہوگئی۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام "نیا پاکستان"میں شہزاد اقبال گفتگو کررہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام کے میزبان شہزاد اقبال نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے گڑھ خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی گورنر راج اور پارٹی کیخلاف کریک ڈاؤن کے بعد پی ٹی آئی تتر بتر نظر آرہی ہے جبکہ اس کی صفوں میں پہلے سے موجود اختلافات اب مزید گہرے ہورہے ہیں۔۔ سینئر رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر نے کہا کہ یہ ہمارے لئے ایک سنجیدہ چیلنج ہے اور اس پر ہم نے آپس میں مشاورت بھی کی ہے اور جو سنجیدہ لوگ ہیں ان سے درخواست کی ہے کہ اپنے ذاتی مسائل فی الحال ایک طرف رکھیں اور اس وقت اگر ہم آپس میں اختلافات بڑھائیں گے تو عمران خان اور پارٹی کو بہت نقصان پہنچائیں گے اور مجھے لگتا ہے کہ پارٹی کو اب اس بات کا احساس ہوگیا ہے۔