کراچی (ٹی وی رپورٹ) سابق مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ علامہ ناصر عباس کا اسٹیبلشمنٹ سے براہ راست رابطہ ہے، مجھ سمیت پی ٹی آئی کے دیگر افراد کے بھی اسٹیبلشمنٹ سے رابطے ہیں۔ اکتوبر 2025ء میں علی امین گنڈاپور کی حکومت کے خاتمے کے بعد صورت حال ایسی پیدا ہوگئی تھی کہ انہیں اپنی بات کرنے کا موقع نہیں مل رہا تھا۔ موجودہ پارٹی قیادت شاید انہیں پسند نہیں کرتی، اسی لئے سائیڈ لائن کردیا گیا ہے وہ جیو نیوز کے پروگرام ’’جرگہ‘‘میں سلیم صافی سے گفتگو کررہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام کے آغاز میں میزبان سلیم صافی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مجموعی سیاست بظاہر پراسراریت کے گرد گھومتی دکھائی دیتی ہے۔ پارٹی میں ایک شخصیت بیرسٹر محمد علی سیف کی بھی ہے، جو ہمیشہ پراسرار انداز میں کام کرتے نظر آتے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ بیرسٹر محمد علی سیف اتنے عرصے تک منظر سے غائب کیوں رہے اور اب اپنی ہی قیادت کے خلاف بولنا کیوں شروع ہوگئے ہیں؟