اسلام آباد (صالح ظافر) وزیر دفاع اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ محمد آصف نے جمعرات کو جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی جانب مفاہمت کا ہاتھ بڑھاتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں مولانا سے کوئی عناد نہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ قومی اسمبلی میں ان کا ردعمل اس وقت سامنے آیا جب جے یو آئی کی خواتین ارکان نے ان کی تقریر کے دوران شور شرابا کیا اور بے بنیاد الزامات عائد کیے، جبکہ ان کا جواب ایک روز قبل مولانا فضل الرحمٰن کی تقریر کے تناظر میں تھا۔ وہ اسلام آباد کے سرینا ہوٹل میں جاپان کی سیلف ڈیفنس فورسز (جے ایس ڈی ایف) کے قیام کی 72ویں سالگرہ کے موقع پر جاپانی سفیر اکاماتسو شوئیچی اور ان کی اہلیہ کی جانب سے دی گئی استقبالیہ تقریب میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔