اسلام آباد ( طاہر خلیل، ٹی وی رپورٹ)وفاقی وزراء نے کہا ہے کہ عمران کے وکلاء کا جیل سے واپسی پر سیاسی بیانیہ عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہے ، پی ٹی آئی رہنما بانی کی صحت کے معاملے کو سیاست سے الگ رکھیں،وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے عمران کی فیملی سے بیک ڈور رابطوں کی تردید بھی کی ہے، وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے ایک انٹرویو میںکہا کہ جیل میں حالیہ ملاقات عدالتی احکامات کے تحت ممکن بنائی گئی تھی،وکلا قانونی ہدایات لینے آئے سیاسی بیانیہ تشکیل دینے کی کوشش کرتے رہے،اس طرزِ عمل کے قانونی اور آئینی نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ڈیل یا ڈھیل دینے کی باتوں میں کوئی صداقت نہیں ، پی ٹی آئی رہنما بانی کی صحت کے معاملے کو سیاست سے الگ رکھیں، دو روز پہلے ہی عمران خان کے چیک اپ میں ان کی صحت کو تسلی بخش قرار دیا گیا ،عمران خان کے وکلا ان کی صحت پر سیاست چمکا رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی کے وکلا کو قانونی معاملات تک محدود رہنا چاہیے۔