• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2050ء تک پاکستان بڑی معیشت، وزیراعظم، معدنی سرمایہ کاروں کیلئے مکمل سیکورٹی، فیلڈ مارشل

اسلام آباد (رانا غلام قادر، طاہر خلیل) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان 2050 تک دنیا کی بڑی معیشتوں میں شامل ہو جائیگا، پاکستان اپنے قیمتی معدنی وسائل خام مال کی شکل میں برآمد نہیں کریگا، معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے موزوں ماحول کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے،پاکستان معدنی وسائل سے مالا مال ملک ہے، تانبے، سونے اور اہم معدنیات کے وسیع ذخائر کو بروئے کار لانے کیلئے عالمی شراکت داروں کے ساتھ ملکر کام کرنے کیلئے پُرعزم ہیں۔جبکہ آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی معدنی دولت کو کارآمد بنانا ہمارا اجتماعی قومی مقصد ہے، معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو مکمل تحفظ فراہم کرینگے، معدنی ترقی سے مقامی آبادیوں کو فائدہ پہنچنا لازم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔دوسری جانب برطانوی ہائی کمیشن اسلام آباد میں بادشاہ چارلس سوم کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتےوزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کی گہری دوستی ایک مضبوط اقتصادی شراکت داری کی بھی متقاضی ہے۔انہوں نے بادشاہ چارلس سوم کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی زندگی عوامی خدمت کیلئےغیرمتزلزل عزم سے عبارت ہے۔ منرلز انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے خام معدنیات بیرون ملک بھیجنے کی روایت ختم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اپنی ڈاؤن اسٹریم صنعتوں کو مضبوط بنا کر ویلیو ایڈیشن کی جانب پیش رفت کرنا ہوگی۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کے معدنی وسائل کو پاکستان کے اندر ہی مکمل طور پر بروئے کار لایا جائیگا۔انہوں نے غیر ملکی سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ اپنی سرمایہ کاری کو صرف معدنیات نکالنے تک محدود رکھنے کے بجائے پاکستان میں معدنی پراسیسنگ اور مینوفیکچرنگ کی سہولیات قائم کریں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ریکوڈک اور ٹیتھیان کاپر بیلٹ کے دیگر منصوبوں کو ریفائنریوں، سیمنٹ پلانٹس اور کیبلز و کنڈکٹرز کی تیاری کی صنعتوں کے قیام میں کردار ادا کرنا چاہیے۔وزیراعظم نے سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ معدنیات دنیا بھر میں برآمد کرنے سے قبل پاکستان میں کان کنی، پراسیسنگ اور مصنوعات تیار کریں۔ وزیراعظم نے فورم کے انعقاد اور پاکستان کے معدنیات و کان کنی کے شعبوں کو آگے بڑھانے کیلئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ، وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ منرلز فورم سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ معدنی ترقی سے مقامی آبادیوں کو فائدہ پہنچنا لازم ہے، معدنیات سے مالا مال علاقوں کے لوگوں کو اپنی زندگیوں میں ٹھوس بہتری نظر آنی چاہیے۔ چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ پاکستان کی معدنی دولت کو کارآمد بنانا ہمارا اجتماعی قومی مقصد ہے، ہمارا مقصد صرف خام مال برآمد کرنا نہیں بلکہ ریفائننگ اور مینوفیکچرنگ تک پوری ویلیو چین کو تیار کرنا ہے۔ فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ ہم ایسی طویل مدتی شراکت داری پروان چڑھانا چاہتے ہیں جو پاکستان اور اسکے شراکت داروں کیلئے پائیدار معاشی قدر کا باعث بنے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے لوگ محنتی، دلیر اور پرعزم ہیں جن میں خوابوں کو تعبیر میں بدلنے کی زبردست صلاحیت موجود ہے، ہمارے وسائل مواقع فراہم کرتے ہیں جبکہ نتائج کے حصول کیلئے ہمارے لوگ طاقت اور عزم کا سر چشمہ ہیں، ہمیں صلاحیت سے پیداوار کی طرف، وعدوں سے عمل کی طرف اور خام برآمدات سے ویلیو ایڈڈ گروتھ کی طرف بڑھنا ہوگا۔ دوسری جانب وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے معدنیات کے شعبے میں ترقی کیلئے رابطہ سڑکوں کی بہتری کو ناگزیر قرار دے دیا۔ دریں اثناء وزیراعظم نے برطانوی بادشاہ چارلس سوم کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ انکی زندگی عوامی خدمت کیلئے غیر متزلزل عزم سے عبارت ہے، پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو برطانوی ہائی کمیشن اسلام آباد میں بادشاہ چارلس سوم کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وزیراعظم نے برطانوی بادشاہ چارلس سوم اور شاہی خاندان کے افراد کو دلی مبارکباددی۔ وزیراعظم نے کہا کہ برطانیہ کے ساتھ میری طویل اور خوشگوار وابستگی ہے،پاکستان اور برطانیہ کے درمیان 17 لاکھ پاکستانی نژاد برطانوی شہری مضبوط پل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید