اسلام آباد (محمد صالح ظافر) چینی فوجی طیارہ سکم میں 25منٹ تک پرواز کرتا رہا، بھارتی فضائیہ خاموش تماشائی۔ چینی طیارہ بھارتی فضائیہ کی بار بار وارننگ کے باوجود واپس نہیں گیا، واقعے نے بھارت میں سیاسی بحث چھیڑ دی۔ کانگریس کا مودی حکومت پر سخت احتجاج کرنے کیلئے دباؤ، فضائی حدود خلاف ورزی کی سرکاری تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی۔ چین نے بھارتی فضائی حدود کی خلاف ورزی کے حوالے سے بھارتی الزام کو درخورِ اعتنا نہ سمجھتے ہوئے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق چین کا ایک فوجی طیارہ مبینہ طور پر 12 نومبر کو سکم کے علاقے میں بھارتی فضائی حدود میں داخل ہوا تھا۔ اطلاعات کے مطابق طیارہ بھارتی فضائی حدود کے متنازع علاقے میں تقریباً 20 سے 25 منٹ تک موجود رہا، حالانکہ بھارتی فضائیہ نے اسے بار بار ریڈیو کے ذریعے خبردار کیا اور چینی حدود میں واپس جانے کی ہدایت کی۔