• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیلم وقار، نارووال

انسان کی زندگی میں ایک ایسا وقت بھی آتا ہے، جب وہ لوگوں کے ہجوم میں رہنے کے بجائے تنہائی کو ترجیح دیتا ہے کہ ایک طرف دنیا کا بے وفا ہجوم ہوتا ہے اور دوسری طرف سچائی کا تنہا چراغ۔ ایک طرف معاشرے کا دباؤ، تعصبات، مصلحتیں اور آسائشیں ہوتی ہیں، دوسری طرف وہ کٹھن راستہ، جس پر اکیلے چلنا پڑتا ہے۔ دل جانتا ہے کہ سچائی کا راستہ کہاں ہے، مگر رُوح اس راستے کی قیمت سے لرز جاتی ہے۔

’’اصحابِ کہف کا قصّہ‘‘ محض ماضی کی ایک داستان نہیں، بلکہ ہر اُس انسان کی داخلی جنگ کا استعارہ ہے، جو باطل کے سیلاب میں اپنا وجود بچانے کی کوشش کر رہا ہے۔ وہ چند نوجوان تھے، جن کے پاس دنیا کی ہر نعمت تھی۔ عہدے، وقار، جوانی اور آسودگی۔ جب ان کا ٹکراؤ اپنے وقت کے جبر اور شرک سے ہوا تو انہوں نے سمجھوتےکی بجائےہجرت کو چُنا۔

قرآنِ مجید اس باطنی بےداری کا نقشہ یوں کھینچتا ہے۔’’بے شک، وہ چند نوجوان تھے، جو اپنے رب پر ایمان لائے، اور ہم نے ان کی ہدایت میں اضافہ کر دیا۔‘‘(سورۃ الکہف،13) اُن کا غار کی طرف ہجرت کرنا، کوئی بزدلی نہیں بلکہ ایک جرات مندانہ قدم تھا تاکہ وہ اپنا ایمان بچا سکیں۔ وہ معاشرے سے دُور ہوئے تاکہ اپنے رب کے قریب ہو سکیں۔ کبھی کبھی حق پر قائم رہنے کے لیے ماحول بدلنا ممکن نہیں ہوتا، تب خُود کو اس ماحول سے الگ کرنا ہی واحد راستہ بچتا ہے۔

وہ غار آج بھی ہمارے اردگرد اور ہمارے اندر موجود ہے۔ آج کا غار، وہ تنہائی ہے، جو ہمیں اُس وقت ملتی ہے، جب ہم کسی محفل میں گناہ یا غیبت کا حصّہ بننے سےانکار کردیتے ہیں۔ جب ہم دوسروں کی ترجیحات رد کرتے ہیں۔ آج کا غار، وہ خسارہ ہے، جو ہم کسی ناجائز فائدے یا سودے کو ٹھکرا کر برداشت کرتے ہیں۔ جب آپ محض لوگوں کو خوش کرنے کے لیے اپنے اصولوں کا قتلِ عام بند کردیتے ہیں تو آپ اُسی غار کی چوکھٹ پر قدم رکھ رہے ہوتے ہیں۔

مگر سب سے کڑی ہجرت انسان کو اپنی ذات کے اندر کرنی پڑتی ہے۔ اپنی انا کے بُتوں سے، اپنی ان خواہشات سے، جو اُسے مٹی سے باندھے رکھتی ہیں اور اس سب سے بڑے خوف سے کہ ’’لوگ کیا کہیں گے؟‘‘ ہم نے تعلقات بچانے کی خاطر سچ کو خاموشی کا کفن پہنا دیا ہے۔ ہم نے تنقید کے خوف سے باطل کے سامنے سر تسلیمِ خم کر دیا ہے، لیکن اصحابِ کہف کا اسوہ ہمیں سکھاتا ہے کہ ہجوم کا حصّہ بنے رہنا کام یابی نہیں۔

اگر آپ کی موجودگی، حق کو طاقت نہیں دے رہی تو وہاں سے غیرموجودگی ہی آپ کے ایمان کی دلیل ہے۔ دنیا کی نظر میں وہ غار ایک اندھیری، تنگ اور بے نام جگہ تھی، لیکن اللہ نے اُس کی وسعتوں کو اپنی رحمت سے بھر دیا۔ یہ قدرت کا ایک عجیب قانون ہے۔ انسان جس دروازے کو اپنی محرومی سمجھتا ہے، بسا اوقات اللہ اُسی کے پیچھے اس کی عافیت کا شہر بسا دیتا ہے۔ جب زندگی میں کچھ راستے بند ہوتے ہیں، نوکریاں چُھوٹتی ہیں، لوگ ساتھ چھوڑ جاتے ہیں، تو ہم سمجھتے ہیں کہ ہم ہار گئے، لیکن ہم نہیں جانتے کہ اللہ ہمیں کسی بڑے نظریاتی یا اخلاقی زوال سے بچانے کے لیے اس تنہائی کے غار میں بھیج رہا ہوتا ہے۔

وہ ہمیں دنیا کی نظروں میں پیچھے دھکیلتا ہے تاکہ اپنی نظر میں بلند کرسکے۔ ہمیں بھی ’’اصحابِ کہف‘‘ کی طرح وقت آنے پر دنیا سے پیچھے ہٹنا پڑسکتا ہے، مگر حق کے محاذ سے پیچھے ہٹنے کی اجازت کبھی نہیں دی جا سکتی۔ لوگوں سے رابطے ٹوٹ سکتے ہیں، مگر خالق سے جُڑا تار سلامت رہنا چاہیے۔ محفلوں کی رونق ختم ہوسکتی ہے، مگر دل کا اطمینان قائم رہنا چاہیے۔

مادی آسائشیں کم ہوسکتی ہیں، مگر رُوح کا یقین متزلزل نہیں ہونا چاہیے۔ جب پوری کائنات ایک طرف جارہی ہو اور آپ اللہ کی رضا کے لیے اکیلے دوسری طرف چل پڑیں، تو یاد رکھیں کہ آپ اکیلے نہیں ہیں۔ جس کے ساتھ کائنات کا مالک ہو، اُس کی تنہائی کائنات کی سب سے بڑی انجمن بن جاتی ہے۔

آخرکار، یہ دنیا اور اس کے لوگ بہت جلد بھول جائیں گے کہ ہم نے ان کی مصلحتوں کا کتنا پاس رکھا تھا۔ کام یابی کا ترازو یہ نہیں کہ مخلوق ہم سے کتنی راضی تھی، بلکہ کام یابی یہ ہے کہ جب ہم اپنے رب کے حضور پیش ہوں تو ہمارا نام اُن لوگوں کی فہرست میں ہو، جنہوں نے فانی دنیا کےخوف پر، لافانی ایمان کو ترجیح دی تھی۔

ناقابلِ اشاعت نگارشات اور ان کے تخلیق کار برائے صفحہ ’’ڈائجسٹ‘‘

٭ اقوالِ زریں (ڈاکٹر شاہد ایم شاہد، واہ کینٹ) ٭ روبوٹ (محمّد صفدر خان ساغر، راہوالی، گوجرانوالہ) ٭ منظوم ترجمہ، اقوال (قاسم عباس، میسی ساگا، کینیڈا) ٭ یادوں کے چراغ، انسانیت کی خوشبو (ذوالفقار حسین نقوی، نیو رضویہ سوسائٹی، کراچی) ٭ ایلچی، گریسن کی واپسی، عفریت (محمّد شاکر لبانہ، بستی اللہ بخش) ٭ کاغذوں میں چُھپا خواب (سمانہ اسد) معلوماتِ عامہ، خُوب صورت باتیں، حکمت کی باتیں (فضٰی عارف نیازی، ہاشم عارف نیازی، جھاورہ، راول پنڈی) ٭ دُور کے ڈھول (اُمِ ایمان) ننّھا سپاہی، ادھوری کہانی (عماد مزاری) ٭ جینا یہاں، مرنا یہاں (ف۔ س اعجاز، بھارت) ٭80 برس پیچھے (نام نہیں لکھا، پیراگون سٹی، برکی روڈ، لاہور) ٭ ماں کا گھر (نصرت جان، مَری کالج روڈ، سیال کوٹ) ٭ اللہ کو بتائوں گی (رانا محمّد شاہد، گلستان کالونی، بورے والا) ٭ پڑھے گی لڑکی (جبیں نازاں، لکشمی نگر، نئی دہلی، بھارت) ٭ جنّت کے پھول (زہرا یاسمین) ٭ صبا اور خضر (کلثوم پارس)٭ دُعا(مبشرہ خالد)٭واپسی کا سفر(عالیہ توصیف، آسٹریلیا)٭دھوپ کفن، دکھاوے کی زندگی (صبا احمد، کراچی)٭ خاموش برداشت (طوبی سعید، اچھرہ، لاہور)٭ فیصلہ، جوڑی (اختر شاہ عارف، ڈھوک جمعہ، جہلم)٭بنیرہ(اسد طارق اسد) ٭زنگ (نعمان اسحٰق)٭ بوڑھا باپ(ترجمہ: شمیم عادل)٭ لطائف ( پرنس افضل شاہین، نادر شاہ بازار، بہاول نگر)٭نومبر اور میپل کے پتے (ارسلان اللہ خان، حیدرآباد)۔

ناقابلِ اشاعت کلام اور اُن کے تخلیق کار

٭ زندگی، نعت، میرا وطن (صبا احمد، کراچی) ٭ تم کہتے ہو (ریما خان، کراچی) نفرت (شری مرلی چند جی گوپی چند گھوگھلیہ، شکارپور) ٭ پیارے پیارے بچّے (ببو بدایونی، کراچی) ٭ تری فضاؤں میں (سماویہ اعظم) ٭ نعت (اشفاق احمد ایوبی ایڈووکیٹ) ٭ غزلیات (شہناز اصغر خان، خانیوال)،٭بےنقطہ غزل(سید آفتاب حسین)٭غزل (محمّد یامین، لیاقت آباد، کراچی)٭ نظم غفلت (شمائلہ اکرام)٭ مَیں گیت لکھتی ہوں( شمیم عادل)٭سپنوں کا شہزادہ( شگفتہ عادل)٭ زوالِ دستور، فرمانِ موت( محمد ہاشم، بدین) ٭نعت( ناز اوکاڑوی)٭ عشقِ شہادت (مکرم حسین)۔

سنڈے میگزین سے مزید