• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2050ء کا انسان موجودہ دَور کےانسان سےکس قدر مختلف ہوگا؟ آج یہ تصوّر بھی خاصا دشوار محسوس ہوتا ہے۔ تب مصنوعی ذہانت، بائیومیٹرک ٹیکنالوجی، جینیاتی سائنس، نیوروسائنس، روبوٹکس، خُود کار نظام اور مسلسل و مربوط ڈیجیٹل نیٹ ورک انسانی زندگی کے تقریباً ہر شُعبے میں دخیل ہوچُکے ہوں گے اور آج جس مقصد کے لیے انسان کو اپنی شناخت کے اظہار، دستاویزات، پاس ورڈ، بینکس، موبائل فون اور مختلف اداروں کی ضرورت پڑتی ہے، ممکن ہے مستقبل میں اس کی جگہ ایک ایسا مربوط ڈیجیٹل آئیڈینٹی فکیشن سسٹم لےلے، جو انسان کی صحت، مالی معاملات، نقل و حرکت، پیشہ ورانہ سرگرمیوں اور سماجی تعلقات سے منسلک ہو، نیز یہ بھی ممکن ہے کہ آنے والی دہائیوں میں بائیو میٹرک شناخت اس حد تک ترقّی کرجائے کہ انگلیوں کے نشانات، چہرے، آنکھوں، آواز، جسمانی خصوصیات اور دیگر حیاتیاتی علامات کے ذریعے کسی فرد کی شناخت چند لمحوں میں ممکن ہوجائے۔

علاوہ ازیں، ایسا بھی ہوسکتا ہے کہ پہننے کے قابل آلات، جسم میں نصب طبّی سینسرز اور جدید صحت کی نگرانی کے سسٹمز انسان کے جسمانی اعداد و شمارکا مسلسل ریکارڈ رکھیں اور یہ عمل طبّی اعتبار سے غیر معمولی فائدہ مند ثابت ہو کہ بیماری کی علامات ظاہر ہونے سے پہلے ہی خطرے کی نشان دہی ہوجائے۔

دِل کی دھڑکن، نیند، خُون میں مختلف کیمیائی تبدیلیوں، جسمانی سرگرمیوں اور دیگرحیاتیاتی اشاریوں کی نگرانی علاج کے موجودہ تصوّرکو یک سر بدل ہی کے رکھ دے۔ لیکن یہی ٹیکنالوجی یہ بنیادی سوال بھی جنم دے گی کہ اگر انسان کا جسم، ذہن، مقام، مالی معاملات اور سماجی روابط ڈیٹا میں تبدیل ہوجائیں گے، تو اس ڈیٹا کا مالک کون ہوگا؟ اور یہ سوال اخلاقی وسماجی اعتبار سے، 2050ء کی دُنیا کے اہم ترین سوالات میں شامل ہو سکتا ہے۔

آج ہم موبائل فون کو اپنی زندگی کا ایک حصّہ سمجھتے ہیں لیکن ممکن ہے، آنے والی نسلوں کے لیے ٹیکنالوجی موبائل فون کی اسکرین تک محدود نہ رہے۔ تب مصنوعی ذہانت انسان کے ساتھ مستقل معاون کے طور پر ہمہ وقت موجود رہ سکتی ہے۔ گھر، گاڑی، دفتر، اسکول، اسپتال اور شہرخودکار نظاموں سے منسلک ہو سکتے ہیں۔ انسان کو کئی فیصلوں میں مشورہ دینے کے لیے مصنوعی ذہانت ہر وقت دست یاب ہوگی۔ تب مسئلہ یہ نہیں ہوگا کہ انسان کے پاس معلومات کم ہیں بلکہ مسئلہ یہ ہو سکتا ہے کہ اس کے پاس اپنی معلومات سے آزاد ہو کر سوچنے کا کتنا وقت باقی رہتا ہے۔

اب یہاں سے انسانی نفسیات کا ایک نیا باب شروع ہوسکتا ہے۔ مسلسل نگرانی، اطلاعات، ڈیجیٹل رابطے اور ہر لمحہ اپنی کارکردگی، صحت، آمدنی، مقام اور سماجی حیثیت کا ڈیجیٹل ریکارڈ رکھنے کی عادت انسان میں ذہنی دباؤ کی نئی شکلیں پیدا کرسکتی ہے۔

تاہم، ان تمام مسائل کو براہِ راست کسی ایک بیماری یا ’’نئی ذہنی بیماری‘‘ سے جوڑنا سائنسی طور پر دُرست نہیں ہوگا۔ زیادہ مناسب بات یہ ہے کہ مستقبل میں موجودہ اضطرابی کیفیت، تنہائی، نیند کے مسائل، ارتکاز کی کمی، ڈیجیٹل انحصار، سماجی تنہائی اور شناخت سے متعلق نفسیاتی مسائل نت نئی صُورتوں میں ظاہر ہو سکتے ہیں۔

ٹیکنالوجی پر بڑھتے انحصار کے سبب مستقبل میں انسانی تاریخ میں ایک عجیب تضاد بھی جنم لےسکتا ہے۔ یعنی جس ٹیکنالوجی کو انسان نے اپنی زندگی آسان بنانے کے لیے ایجاد کیا تھا، ایک وقت ایساآسکتا ہےکہ جب انسان اس سےکچھ دیرکی نجات حاصل کرنے کے لیے رقم خرچ کرے۔ آج خاموشی مفت دست یاب ہے لیکن ممکن ہے، 2050ء میں مکمل ڈیجیٹل خاموشی ایک عیّاشی بن جائے۔

آج کسی دُوردراز پہاڑی علاقےمیں چند گھنٹے انٹرنیٹ سے دُور رہنا معمول ہے مگر مستقبل میں ایسی جگہ کہ جہاں مسلسل نگرانی، اشتہارات، ڈیجیٹل نوٹیفکیشنز، خودکار نظام اور مصنوعی ذہانت انسان تک نہ پہنچ پا رہی ہو، شاید نایاب ہوجائے اور ایسے میں دیہی زندگی کی اہمیت دوبارہ بڑھ سکتی ہے۔

ممکن ہے کہ مستقبل میں بڑے شہروں کی آبادی میں مزید اضافہ ہو مگر ساتھ ہی ایک ایسا طبقہ بھی وجود میں آجائے کہ جو دانستہ طور پر شہری ہجوم اور مسلسل ڈیجیٹل نگرانی سے دُور رہنے کے لیے دیہی، پہاڑی اور نسبتاًدُوردراز علاقوں کا رُخ کرے۔

یہ ہجرت غُربت کی وجہ سے نہیں بلکہ معیارِ زندگی، رازداری، ذہنی سکون، قدرتی ماحول اور خودمختاری کی خواہش کی وجہ سے ہو سکتی ہے لیکن اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ مستقبل کے گاؤں آج کے دیہات کی مانند ہوں گے۔ 2050ء میں دیہی علاقے بھی جدید انفرااسٹرکچر، تیز رفتار مواصلات، صاف توانائی، خودکار زراعت، جدید طبّی مراکز، ڈیجیٹل تعلیم، جدید رہائش گاہوں اور مصنوعی ذہانت سے منسلک دیگر سہولتوں سے آراستہ ہو سکتے ہیں اور انسان جدید ترین ٹیکنالوجی کے ذریعے ایک ایسی زندگی تعمیر کرے گا کہ جس کا مقصد خود کو ٹیکنالوجی کے غیر ضروری استعمال سے بچانا ہو گا۔

ممکن ہے کہ مستقبل کے امیر ترین افراد کے لیے فطرت کے قریب رہنا اسی طرح ایک منہگی سہولت بن جائے، جیسے آج دُنیا کے بڑے شہروں میں محفوظ اور پُر سکون رہائش۔ وہ ایسے علاقوں میں بڑے بڑے گھر، فارم ہائوسز، طبّی سہولتوں کے نجی مراکز، صاف پانی و توانائی کے آزاد ذرائع اور محدود ڈیجیٹل رسائی پر مبنی نظام قائم کر سکتے ہیں کہ جہاں زندگی جدید بھی ہو اور نسبتاً سادہ بھی۔

تاہم، اس موقعے پر ایک نیا طبقاتی فرق پیدا ہونے کا خطرہ بھی موجود ہے۔ یعنی ایک طرف وہ لوگ ہوں گے کہ جن کے پاس اپنی ڈیجیٹل رازداری، وقت، زمین اور قدرتی ماحول خریدنے کے وسائل ہوں گے، جب کہ دوسری جانب وہ افراد ہو سکتے ہیں کہ جو روزگار، تعلیم، صحت اور بنیادی خدمات کے لیے مسلسل ڈیجیٹل نظام سے جُڑے رہنے پر مجبور ہوں گے۔ یوں مستقبل میں غُربت صرف خوراک، مکان، آمدنی اور وسائل کی کمی کا نام نہیں رہے گی بلکہ ممکن ہے کہ ’’ڈیجیٹل خود مختاری‘‘ بھی دولت کی ایک شکل بن جائے۔

تاہم، اس کے باوجود مصنوعی ذہانت اور خود کار ٹیکنالوجی عالمی غُربت میں تخفیف کا ایک ذریعہ بھی بن سکتی ہے۔ اگر پیداواری صلاحیت بڑھے، تعلیم سَستی اور قابلِ رسائی ہو، طبّی تشخیص دُور دراز علاقوں تک پہنچے، توانائی کے اخراجات کم ہوں اور خودکار نظام بنیادی خدمات کی فراہمی بہتر بنائیں، تو دُنیا کے کئی حصّوں میں احساسِ محرومی کم ہو سکتا ہے لیکن ٹیکنالوجی بذاتِ خود غربت ختم نہیں کرتی بلکہ اس کے ثمرات کی تقسیم کا انحصار معاشی پالیسی، اداروں، ملکیت اور سیاسی و سماجی فیصلوں پر ہو گا اور شاید 2050ء کا سب سے بڑا تضاد یہی ہوگا کہ انسان کے پاس دُنیا کی تاریخ میں سب سے زیادہ معلومات ہوں گی لیکن ممکن ہے کہ اسے تنہائی، خاموشی اور حقیقی انسانی تعلق کی سب سے زیادہ ضرورت بھی محسوس ہو۔

وہ اپنے دوست کا چہرہ اسکرین پر نہیں ، اپنے سامنے دیکھنا چاہے گا۔ اپنے بچّے کی آواز محفوظ کرنے کی بجائے اُسے اپنے سامنے بٹھا کراس سے باتیں کرنے کا خواہش مند ہو گا۔ وہ کسی پہاڑ یا پُر فضا مقام کی تصاویر یا ویڈیوز دیکھنے کی بجائے ان قدرتی مناظر کو کیمرے کے بغیر دیکھنے کے لیے بے تاب ہو گا اور ایسی صُبح کا متمنّی ہو گا کہ جب کوئی نوٹیفکیشن اُسے بےدار نہ کرے۔

اسی لیے ممکن ہے کہ 2035ء سے 2050ء کے درمیان دُنیا میں ایک متبادل طرزِ زندگی کی تحریک مضبوط ہو، جسے ہم سادہ زندگی، کم ڈیجیٹل انحصار، قدرت سے قُربت اور ڈیجیٹل ڈی ٹاکس کی وسیع تر شکل کے طور پر دیکھیں۔ 2050ء کی دُنیا شاید مکمل طور پر ڈیجیٹل نہیں ہوگی بلکہ یہ دو متوازی دُنیاؤں کا مجموعہ ہوگی۔

ایک دُنیا انتہائی مربوط، خودکار، تیز رفتار اور ڈیٹا پر مبنی ہو گی، جہاں مصنوعی ذہانت انسان کی زندگی کے تقریباً ہر شُعبے میں شریک ہو گی، جب کہ دوسری دُنیا وہ ہوگی کہ جہاں انسان اور فطرت کے درمیان فاصلہ کم ہوگا اور یہ بھی ممکن ہے مستقبل کا سب سے منہگا اثاثہ سونا، زمین یا مصنوعی ذہانت نہ ہوبلکہ انسان کااپنی زندگی پر اختیار اور خاموشی ہو۔

سنڈے میگزین سے مزید