• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زندہ لوگوں کے قبرستان: کراچی کی کثیرالمنزلہ عمارات، شدید خطرے میں

انجینئر انصار الحق قریشی

کراچی میں فلک بوس عمارات کی تاریخ اُتنی ہی دل چسپ ہے، جتنی کہ خود اس شہر کی طبیعت و مزاج۔ تقسیمِ ہند سے قبل، جب کراچی ایک پُرسکون ساحلی شہر ہوا کرتا تھا، 1938ء میں بندر روڈ (ایم اے جناح روڈ) پر بلدیہ عظمیٰ کے دفتر کے قریب چھے منزلہ ’’لکشمی بلڈنگ‘‘ تعمیر ہوئی۔ یہ اُس دَور میں کراچی کی بلند ترین عمارت تسلیم کی جاتی تھی۔

پھر 1955ء میں کراچی پورٹ ٹرسٹ کے جوار میں آٹھ منزلہ’’قمر ہاؤس‘‘ کی صُورت ایک نیا شاہ کار سامنے آیا۔ ابھی اس ترقی کو ایک دہائی ہی گزری تھی کہ 1964ء میں آئی آئی چندریگر روڈ پر24منزلہ ’’حبیب بینک پلازا‘‘ تعمیر ہوا، جس نے طویل عرصے تک نہ صرف کراچی، بلکہ پورے مُلک کی بلند ترین عمارت ہونے کا اعزاز اپنے نام رکھا۔ وقت کا پہیّا گھوما اور 2005ء میں اسی آئی آئی چندریگر روڈ پر31منزلہ ’’مسلم کمرشل بینک (MCB)‘‘ کی عمارت نے حبیب بینک پلازا سے یہ تاریخی اعزاز چھین لیا۔

جب کہ آج کا کراچی ایک بالکل مختلف منظرنامہ پیش کرتا ہے کہ آج چاروں طرف اونچی عمارات کا ایک جال بچھ چکا ہے۔ جدید تعمیراتی انقلاب کے بعد اب شہر میں کم از کم 100عمارتیں ایسی ہیں، جن کی بلندی100میٹر سے زائد ہے، جب کہ150میٹر سے اونچی تقریباً 50 عمارات زیرِ تعمیر ہیں۔ اس وقت شہرِ قائد کے ماتھے کا جھومر کلفٹن میں واقع 68 منزلہ ’’بحریہ آئیکون ٹاور‘‘ ہے، جس کی اونچائی300میٹر ہے۔

کراچی کی بعض رہائشی سڑکوں، بالخصوص پی ای سی ایچ سوسائٹی (PECHS) کے حالات اُس وقت بدلے، جب ادارئہ ترقیات کراچی (KDA) نے رہائشی مکانات کو تجارتی (کمرشل) قرار دے دیا۔ اس فیصلے کے بعد ان سڑکوں پر دیکھتے ہی دیکھتے کئی کئی منزلہ کثیر المنزلہ عمارات کھڑی ہو گئیں۔ ادارے کی جانب سے اس سے بھی بڑی مجرمانہ غفلت اس وقت دیکھنے میں آئی، جب خیابانِ اقبال، کلفٹن میں پارک کے لیے مختص ایک پلاٹ ، محض سیاسی و سماجی اثر و رسوخ کی بنیاد پر، 'مڈ ایسٹ میڈیکل ہیلتھ سینٹر کے مالک کو الاٹ کر دیا گیا۔

جنھوں نے اس زمین پر ایک جدید ترین ہیلتھ سینٹر قائم کیا، جو جلد ہی شہر کے بہترین اسپتالوں میں شمار ہونے لگا۔ تاہم، کچھ عرصہ قبل اس اسپتال کو ذاتی مفادات کی بھینٹ چڑھا کر بند کر دیا گیا اور زمین کی حیثیت دوبارہ کمرشل کروا کر اسے انتہائی منہگے داموں فروخت کر دیا گیا۔ آج اس جگہ ایک اور کثیر المنزلہ تجارتی عمارت کھڑی دکھائی دیتی ہے۔بلڈنگ بائی لاز اور عمارتی قوانین کی ایسی کھلی خلاف ورزیوں اور بے ہنگم تعمیرات کے معاملے میں، کراچی واقعی اپنی مثال آپ بن چکا ہے۔

ایک محتاط اندازے کے مطابق، عروسِ البلاد، کراچی کی چالیس فی صد سے زائد آبادی، کچّی آبادیوں اور گوٹھوں میں زندگی بسر کرتی ہے۔ بنیادی سہولتوں سے محروم یہ بستیاں انتظامیہ کے لیے مستقل دردِ سر بنی ہوئی ہیں۔ ستم ظریفی تو یہ ہے کہ گزشتہ ڈیڑھ سے دو دہائیوں کے دوران ناقص منصوبہ بندی اور عدم توجّہی کے باعث شہر کا بیش تر حصّہ کچی آبادی کا منظر پیش کرنے لگا ہے۔ 

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، کراچی میں کچّی آبادیوں کی کُل تعداد 1,293ہے، جن میں سے1,157بستیوں کو قانونی دائرے میں لایا جاسکتا ہے، جب کہ750آبادیوں کو مالکانہ حقوق دیے جا چکے ہیں۔ ان علاقوں میں زیادہ تر 100مربع گز کے چھوٹے رہائشی اور تجارتی پلاٹ مختص کیے گئے تھے۔

ابتدائی قوانین کے تحت رہائشی پلاٹس پر ایک اور تجارتی پلاٹس پر دو منازل بنانے کی اجازت تھی۔ بعدازاں، عوامی خواہشات مدِّنظر رکھتے ہوئے سابق وزیر اعظم، ذوالفقار علی بھٹو نے اضافی فیس کی ادائی کے عوض پورے شہر میں ایک منزل کی مزید توسیع کی منظوری دی۔

تاہم، وقت گزرنے کے ساتھ بلڈرز اور خود شہریوں نے ان قوانین کی دھجیاں اُڑادیں۔ نتیجتاً، ان چھوٹے پلاٹس پر پانچ سے چھے منزلہ غیر قانونی عمارات کھڑی کردی گئیں، اور گِزری جیسے علاقوں میں تو100گز کے محدود رقبے پر دس دس منزلہ فلک بوس مکانات انسانی زندگیوں کے لیے مستقل خطرہ بنے دکھائی دیتے ہیں۔

18 جنوری 2026ء کو جب محمد علی جناح روڈ پر واقع گل پلازا ہول ناک آتش زدگی کا شکار ہوا، تو اس سانحے نے ایک بار پھر انتظامی غفلت کا کچّا چٹّھا کھول کر رکھ دیا۔ فائر سیفٹی کے قوانین پر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث70سے زائد معصوم جانیں لقمۂ اجل بن گئیں۔ اس دل خراش واقعے نے راقم کے ذہن میں نصف صدی پرانا ایک زخم ہرا کردیا۔

رمضان المبارک کا وہ مہینہ اور 1976ء کا وہ سال، جب کھارادر کی بسم اللہ بلڈنگ، سحری کے وقت اچانک زمیں بوس ہوگئی تھی، بلڈنگ کے ملبے تلے 148افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔ اس عمارت کا المیہ یہ تھا کہ اس کا بنانے والا خود اس کا مالک تھا، جو ہوسِ زر میں اندھا ہو کر بلدیاتی اصولوں کو پامال کرتا گیا اور ایک کے بعد دوسری منزل کھڑی کرتا چلا گیا۔

سات منازل مکمل کرنے کے بعد جب پوری عمارت آباد ہوگئی، تو اس نے خود بھی ساتویں منزل پر سکونت اختیار کر لی، لیکن قدرت کا قانونِ مکافات حرکت میں آیا اور ابھی وہ وہاں منتقل ہی ہوا تھا کہ پوری عمارت تاش کے پتّوں کی طرح بکھر گئی۔ مالکِ مکان کی جان تو بچ گئی، مگر وہ اپنی دونوں ٹانگوں سے محروم ہو گیا۔

وہ جب تک زندہ رہا، لالچ اور نااہلی کی ایک ایسی زندہ اور عبرت ناک تصویر بنا رہا، جسے دیکھ کر روح کانپ اٹھتی تھی۔راقم الحروف چوں کہ اس لرزہ خیز معاملے کی باقاعدہ تحقیقاتی کمیٹی کا حصّہ تھا، اس لیے اس حادثے کے محرکات سے بخوبی واقف ہے۔

بسم اللہ بلڈنگ کے گرتے ہی بلدیہ کے محکمہ آرکیٹیکٹ کنٹرول میں تعینات افسر، قانون کے شکنجے اور گرفتاری کے خوف سے ایسا رُوپوش ہوا کہ پھر کبھی اس کا سراغ نہ مل سکا۔ اس ہنگامی صورتِ حال میں ایڈمنسٹریٹر بلدیہ نے راقم کو اس محکمے کا اضافی سربراہ مقرر کر دیا اور راقم 1976ء سے 1979ء تک بلڈنگ کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کی قیادت کرتا رہا۔

یہ سلسلہ تب تک جاری رہا، جب تک بلدیہ عظمیٰ سے یہ شعبہ واپس لے کر ادارئہ ترقیات کراچی کے سپرد نہ کر دیا گیا، جہاں ایک نئے ادارے 'کراچی بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (KBCA) کی بنیاد رکھی گئی۔ اس نئے سیٹ اَپ میں راقم کو چیف کنٹرولر بلڈنگ کے عہدے کی پیش کش بھی ہوئی، مگر مَیں نے نئے ادارے میں جانے کے بجائے اپنے اصل محکمے، بلدیہ عظمیٰ کراچی ہی میں رہنے کو ترجیح دی۔

بسم اللہ بلڈنگ کے منہدم ہونے کی بنیادی وجہ عمارت کے مالک کی جہالت تھی، جو ناخواندہ ہونے کے باوجود نہ صرف خود ہی اس کا انجینئر اور بلڈر بن بیٹھا، بلکہ تعمیر میں انتہائی ناقص میٹیریل بھی استعمال کیا۔ اس نے بلڈنگ کی بنیاد اس جاہلانہ اور خود ساختہ تجربے پر رکھی کہ ’’عمارت کی جتنی منازل ہوں گی، درمیانی پلر کی بنیاد بھی اتنے ہی فٹ گہری ہوگی۔‘‘ اس نام نہاد فارمولے کے تحت اس نے درمیانی پلرز کی بنیاد صرف7فٹ بائی7رکھی، جو اتنی بھاری عمارت کا بوجھ اٹھانے کے لیے ناکافی تھی، نتیجتاً بنیادیں زمین میں دھنس گئیں۔

مجرمانہ غفلت کا عالم یہ تھا کہ جب بیمز (Beams) کی تیاری کے دوران چار سوت کا سریا ختم ہوا، تو اس کی جگہ بلا جھجک دو سوت کا کم زور سریا استعمال کر لیا گیا۔ یہ عمارت چوں کہ تین طرف سے دوسری عمارات سے گِھری ہوئی تھی، اس لیے جب درمیانی بنیادوں پر زور پڑا تو عمارت دائیں بائیں گرنے کے بجائے بالکل عمودی (سیدھی) نیچے آ رہی۔ منازل ایک دوسرے کے اوپر گرتی چلی گئیں، جس کی وجہ سے نیچے موجود لوگوں کو سنبھلنے کا موقع تک نہ مل سکا۔

تاہم، آخری منزل کے کچھ خوش قسمت رہائشی اس لیے زندہ بچ گئےکہ ان کی چھت عارضی نوعیت کی ہلکی شیٹس سے بنی تھی، جس کا بوجھ جان لیوا ثابت نہیں ہوا۔ حادثے کے بعد، جائے وقوعہ تک پہنچنے والے راستے اور سڑکیں انتہائی تنگ تھیں، جس کے باعث امدادی ٹیمز کو ملبہ ہٹانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور اس کام میں غیر معمولی وقت لگا۔

ریسکیو آپریشن میں اس تاخیر کا نتیجہ یہ نکلا کہ آخری دنوں میں ملبے سے نکلنے والی لاشیں اس حد تک مسخ ہوچکی تھیں کہ ان سے شدید تعفّن اُٹھ رہا تھا۔ ایسے میں انسانیت کے عظیم علَم بردار، عبدالستار ایدھی اپنےرضا کاروں کے ساتھ آگے بڑھے اور مسخ شدہ لاشوں کو اُٹھاکے بہت عزّت و احترام کے ساتھ اُن کے کفن دفن کا انتظام کیا۔ یہاں تک کہ حادثے کے کئی روز بعد تک، بلدیاتی اداروں کی مبیّنہ کارروائیوں کے باوجود، علاقے کے مکین تعفّن اور بدبُو کی شکایت کرتے رہے۔

یہ واقعہ جب بھی ذہن کے پردے پر اُبھرتا ہے، دل دہل جاتا ہے۔ خاص طور پر جب کچّی آبادیوں اور دیگر رہائشی علاقوں میں قواعد و ضوابط کے برخلاف، غیر قانونی کثیر المنزلہ عمارات کو سر اُٹھاتے دیکھتا ہوں، تو ایک گہری تشویش گھیر لیتی ہے۔اسی سنگین صورتِ حال کی عکّاسی کرتی ایک اور تصویر پیشِ خدمت ہے۔ یہ ایک نو منزلہ زیرِ تعمیر عمارت ہے، جس کی دسویں منزل کھڑی کرنے کے لیے سریے ابھی سے باہر نکلے ہوئے ہیں۔

ستم ظریفی دیکھیے کہ یہ خطرناک عمارت ڈسٹرکٹ جنوبی کے چیئرمین کی رہائش گاہ کے بالکل قریب واقع ہے، جسے دیکھ کر گمان گزرتا ہے کہ شاید اس لاقانونیت کو خاموش پشت پناہی حاصل ہے۔ جب بھی اس عمارت کے قریب سے گزرتا، ایک اَن جانا خوف جکڑ لیتا اور جب دیکھا کہ عمارت کی آٹھویں منزل کی تیاری جارہی ہے، تورہا نہ گیا، چیف کنٹرولر بلڈنگز کا نمبر حاصل کرکے کئی مرتبہ رابطے کی کوشش کی، لیکن ہمیشہ کی طرح روایتی غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فون اٹھانے کی زحمت گوارا نہ کی گئی۔

مایوس ہوکربلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹر ساؤتھ سے رابطہ کیا، جن کی حدود میں یہ عمارت آتی ہے، تو انہوں نے نہ صرف گزارشات انتہائی توجّہ سے سُنیں، فوری ایکشن لینے کی یقین دہانی بھی کروائی۔ مگر افسوس! وہ یقین دہانی محض ایک طفل تسلّی ثابت ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے محض ایک ہفتے کے اندر آٹھویں منزل پر بھی چھت ڈال دی گئی۔

بعدازاں، محرم الحرام کی چُھٹیوں کی آڑ میں نویں منزل کی چھت بھی ڈال دی گئی۔ خیر، اگلے ہی ہفتے ایک خبر پر نظر پڑی کہ حکومتِ سندھ بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر اس محکمے کے25افسران کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کر رہی ہے۔ اللہ کرے کہ یہ کارروائی محض زبانی جمع خرچ یا کوئی کاغذی کارروائی ثابت نہ ہو، بلکہ اس کے حقیقی نتائج سامنے آئیں۔

قصّہ مختصر، کراچی میں قائم اس نوعیت کی تمام کثیر المنزلہ عمارات شدید تشویش کا باعث ہیں، کیوں کہ کراچی زلزلوں کے لحاظ سے ایک 'نیم فعال زون (Semi-Active Zone) میں واقع ہے۔ مزید برآں، شہر میں 69میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی تیز ہوائیں بھی ریکارڈ کی جا چکی ہیں، جو کسی بھی وقت ایک ہول ناک طوفان کا پیش خیمہ بن سکتی ہیں۔

کچّی آبادیوں میں کھڑی یہ کثیر المنزلہ عمارات سراسر غیر قانونی ہیں، جنہیں متعلقہ محکموں سے منظوری بھی حاصل نہیں۔ یہ عمارات غیر لائسنس یافتہ انجینئرز کی ناقص ڈیزائننگ کا نتیجہ ہیں، جن کی پائے داری اور استقامت کی کوئی ضمانت نہیں، چناں چہ زلزلے کا ایک شدید جھٹکا یا طوفانی ہواؤں کا ایک تھپیڑا انہیں آنِ واحد میں زمیں بوس کر سکتا ہے، جس کے نتیجے میں خدانخواستہ پورا شہر کسی بڑی ناگہانی آفت کا شکار ہو سکتا ہے۔

سچ تو یہ ہے کہ ان مخدوش عمارات کے مکین عملاً 'زندہ قبروں میں سانس لے رہے ہیں۔ لہٰذا، حفظِ ماتقدم کے طور پر فی الفور تجربہ کار مشاورتی انجینئرز (Consulting Engineers) پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جانی چاہیے، جو ان عمارات کا جدید تیکنیکی طریقوں سے تفصیلی معائنہ کرے اور اس جانچ پڑتال کے بعد، ہر عمارت کی صرف اُتنی ہی منازل برقرار رکھی جائیں، جتنی منزلوں تک وہ تیکنیکی طور پر محفوظ ہو، اور اس آپریشن کے تمام تر اخراجات عمارت کے مالکان سے وصول کیے جائیں۔ ساتھ ہی، ان مجرمانہ غفلتوں میں ملوّث متعلقہ افسران کے خلاف عبرت ناک تادیبی کارروائی کی جائے اور مستقبل میں زیرِتعمیر عمارات کی مانیٹرنگ کے لیے ایک کڑا اور شفّاف نظام وضع کیا جائے۔

سنڈے میگزین سے مزید