ایک زمانہ تھا، جب قلم کو محض ایک آلہ نہیں،انسان کی باطنی دُنیا کاحقیقی ترجمان ونمائندہ سمجھا جاتا تھا۔ ایک شاعرجب شعر کہتا،تواُس کےالفاظ میں صرف گہرے مفاہیم ہی پوشیدہ نہیں ہوتے تھے بلکہ برسوں کےمشاہدات، شکست و ریخت، امیدیں، حسرتیں اور زندگی کے نشیب و فراز ایک ذی نفس کی مانند سانس لیتے دکھائی دیتے تھے۔
ایک ادیب جب افسانہ تحریر کرتا، تو اس کے کردار محض صفحۂ قرطاس پر نہیں، قاری کے دِل میں اُترتے تھے۔ اسی طرح جب ایک مصوّر کینوس پر رنگ بکھیرتا، تو ہر لکیر اُس کےاحساس کی گواہی دیتی تھی۔ ہر انسانی تخلیق کی یہی سب سے بڑی خُوبی تھی کہ اس میں عمیق جذبات و احساسات گندھےہوتے، جو کسی صُورت کسی مشین یا چیٹ بوٹ کی پیداوار نہیں ہوسکتے۔
آج آرٹیفیشل انٹیلی جینس یا مصنوعی ذہانت کم و بیش زندگی کے ہرشُعبےمیں جلوہ افروزہے۔ اب مختلف چیٹ بوٹس چند ہی لمحوں میں کسی بھی موضوع پر مضامین، نظمیں، تصاویر، موسیقی، ویڈیوز اور کمپیوٹر پروگرامز تیار کردیتے ہیں۔ یعنی پہلے جو کام گھنٹوں، دِنوں بلکہ مہینوں میں مکمل ہوتا تھا، اب چند سیکنڈز یا منٹس میں پایۂ تکمیل تک پہنچ جاتا ہے۔ بہ ظاہر یہ ترقّی کی ایک حیرت انگیز شکل ہے مگر ہر ارتفاع اپنے ساتھ چند سوالات اور چیلنجز بھی لے کر آتا ہے اور آج سب سے بڑا سوال یہی ہے کہ کیا مشین انسانی تخیّل کی جگہ لیتے ہوئے ادبی فن پارے تخلیق کرسکتی ہے؟
مصنوعی ذہانت کی سب سے بڑی طاقت اس کی غیر معمولی استعدادو رفتار ہے۔ چیٹ بوٹس نہایت کم وقت میں بےشمار معلومات اور اعدادو شمار کا تجزیہ کرنے کے بعد انہی کی بنیاد پر نیا متن یا نئی تصویر ترتیب دیتےہیں اور اس سارے عمل میں جذبات و احساسات کا کوئی عمل دخل نہیں ہوتا، کیوں کہ ایک مشین کسی قسم کا درد، مسرّت، لمس اور الفاظ کی حرارت محسوس نہیں کرسکتی۔ گرچہ وہ ان تمام کیفیات کو بیان تو کر سکتی ہے مگر ان سے گزرنہیں سکتی اور یہی فرق انسانی تخلیق کو محض الفاظ کے مجموعے کی بجائے ایک زندہ تجربہ بنا دیتا ہے۔
اسی طرح یہ کہنا بھی دُرست نہیں کہ مصنوعی ذہانت بنی نوع انسان کے لیے خطرہ ہے، جب کہ حقیقت یہ ہے کہ ہر نئی ایجاد کی مانند اس کےاستعمال کی نوعیت اورنتائج کادارومدار بھی صارف پر ہے۔ اگرایک طالب علم اے آئی کو دورانِ تحقیق اپنا معاون بنائے، ایک ڈاکٹر دورانِ تشخیص اس سے سہولت حاصل کرے، ایک انجینئر اس کی مدد سے بہتر منصوبہ بندی کرے اور ایک صحافی اعداد وشمار کی ترتیب میں اس کی مدد لے، تو اس میں کوئی قباحت نہیں۔ مسئلہ تب پیدا ہوتا ہے، جب انسان اپنی سوچ، مشاہدات اوراپنی تخلیقی صلاحیت بھی مشین کےسُپرد کردیتا ہے۔ یاد رہے، سہولت اگر صلاحیت کی جگہ لے لے، تو رفتہ رفتہ صلاحیت ماند پڑنے لگتی ہے۔
تخلیق صرف معلومات کو یک جا کرنے کا نام نہیں بلکہ زندگی کو سمجھنے کا عمل ہے۔ ایک استاد کے چہرے سے جھلکتی برسوں کی ریاضت، ایک کسان کی پیشانی سے پُھوٹتے پسینے کے قطرے، ایک ماں کی بےلوث دُعا، ایک سپاہی کی خاموش قُربانی اور ایک مزدور کی تھکن، یہ سب وہ تجربات ہیں کہ جن سے ادب جنم لیتا ہے۔ مشین ان کا تجزیہ کرسکتی ہے مگر ان جذبات و احساسات کومحسوس نہیں کر سکتی۔
اسی لیے وہ تحریر جو دِل سے نکلتی ہے، سیدھی دِل تک پہنچتی ہے، جب کہ محض ترتیب دیے گئے الفاظ وجملے اکثر ذہن ہی تک محدود رہتے ہیں۔ دوسری جانب آج قاری کی ذمّےداری بھی پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ معلومات کی فراوانی کے اس دَورمیں اصل اور نقل کےدرمیان فرق آسان نہیں رہا۔ واضح رہے، خُوب صُورت الفاظ ہمیشہ حقیقی تخلیق کی ضمانت نہیں ہوتے، جب کہ اصل تحریر وہ ہے، جس سے مصنّف کی اپنی شخصیت جھلکتی ہو، اُس کی فکر کی خوش بُو محسوس ہوتی اور اس کے تجربات کی صداقت قاری کا دِل چُھو لیتی ہو۔
ادب کی تاریخ ہمیں بتاتی ہے کہ وہی نگارشات زندہ رہتی ہیں،جن کے جملے بے رُوح نہ ہوں۔ بعض لوگوں کاخیال ہے،مصنوعی ذہانت کی مقبولیت کےسبب مصنّفین، ادباء، شعراء اور فن کار غیرضروری ہوجائیں گے لیکن یہ رائے ہرگز حقیقت پرمبنی نہیں، کیوں کہ کیمرے کی ایجاد کے بعد بھی مصوّری ختم نہیں ہوئی۔ ریڈیو کے بعد بھی کتاب زندہ رہی۔
ٹیلی وژن کی موجودگی میں بھی تھیٹر باقی رہا اور ڈیجیٹل دَور میں بھی ہاتھ سے لکھی گئی چند سطریں سب سے قیمتی تحفہ ہی سمجھی جاتی ہیں۔ ہر دَورمیں ذرائع ابلاغ بدلتے رہتے ہیں، مگر تخلیق کا سرچشمہ انسان ہی رہتا ہےاور انسان کے جذبات و احساسات کو سمجھنے کی ضرورت کبھی ختم نہیں ہوگی۔
درحقیقت، مستقبل مقابلےکانہیں،توازن کاتقاضاکرتا ہے۔ مصنوعی ذہانت کو ایک معاون کے طور پر قبول کرنا دانش مندی ہے مگر اسےانسانی عقل، تخیّل اور احساس کا متبادل سمجھ لینا دانش مندی نہیں۔ اگر نئی نسل سوال کرنا چھوڑ دے، مشاہدہ کرنا بُھول جائے اور ہر خیال مشین سے مستعار لینے لگے، تو آنے والے برسوں میں ۔ علم تو بہت ہوگا مگرحکمت ناپید ہوجائے گی۔ معلومات کا انبار ہوگا، مگر بصیرت نایاب۔
انسان کی اصل طاقت اس کا تخیّل ہے اور یہ تخیّل ہی غاروں کی دیواروں پر بننے والی تصاویر سے لے کر خلاؤں کی تسخیر تک کا سفر طے کرتا آیا ہے۔ یہی قوّت شاعری کو جنم دیتی، موسیقی کو معنی بخشتی اور تہذیبوں کی بنیادرکھتی ہے۔ مصنوعی ذہانت اس سفر کو آسان ضرور بنا سکتی ہے، لیکن اس سفر کا آغاز آج بھی انسان کے دِل میں اُٹھنے والے ایک سوال، ایک خواب یا ایک احساس ہی سے ہوتا ہے۔ آنے والے زمانوں میں یقیناً مصنوعی ذہانت مزید ترقّی کرے گی۔
اس کی صلاحیتیں حیران کُن حد تک بڑھیں گی اور شاید وہ ایسے امور بھی انجام دینے لگے کہ جن کا آج تصوّرمشکل ہے، لیکن اس تمام تر پیش رفت کے باوجود یہ حقیقت تبدیل نہیں ہوگی کہ تخلیق کا پہلا دیا اب بھی انسانی رُوح ہی میں روشن ہوتا ہے۔ مشین اس روشنی کو پھیلا سکتی ہے، اس کی رفتار بڑھا سکتی ہے، مگر اس چراغ کو جلانے کا ہُنر آج بھی انسان ہی کے پاس ہے۔
اسی لیے کہا جا سکتا ہے کہ مستقبل کا سوال یہ نہیں کہ مصنوعی ذہانت انسان سے بہتر لکھ سکتی ہے یا نہیں بلکہ اصل سوال یہ ہے کہ کیا انسان اپنی تخلیقی شناخت زندہ رکھ پائے گا؟ اگر اس نے اپنے دِل کی آواز، اپنے مشاہدے کی گہرائی اور اپنے قلم کی دیانت محفوظ رکھی، تو کوئی مشین کبھی اُس کی جگہ نہیں لے سکے گی کہ عقل معلومات فراہم کرسکتی ہے مگر عظیم ادب ہمیشہ احساسات وجذبات سے جنم لیتا ہے اور احساس اب بھی انسان کا سب سے بڑا سرمایہ ہے۔