• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کچھ شخصیات آپ کی زندگی میں ایسی بھی ہوتی ہیں کہ اُن سے ملاقات اور رابطہ گاہے بگاہے سہی، دل کا تعلق مسلسل اور مستقل ہوتا ہے۔ توثیق حیدر انہی میں سے ایک ہیں۔ ہماری اُن سے یاد اللہ، شناسائی اور دُعا سلام بہت پُرانی ہے۔ کہانی پرانی سہی، جذبہ نیا نکور ہے۔ دوستی جاری و ساری ہے اور ہر پل، ہر لحظہ نئے رنگ امنگ سے بھرپور۔

توثیق اس بات کی توثیق بھی کریں گے، تصدیق بھی کہ ہم اُن سے اُردو نظم و نثر کی پڑھنت کے نت نئے آہنگ، نادر و نایاب رنگ اور انوکھی ترنگ سیکھتے ہیں۔ اُن کے ہاں لہجہ صاف، ادائیگی شفّاف اور درست شین قاف ہے۔ کھرج اُن کا کہیں ’’پہلے کالے‘‘ اور ’’تیسرے کالے‘‘ کے درمیان رہتا ہے۔ آواز کی کھنک چمک دمک والی ہے ۔ Tonality, Texture اور Timber کے لحاظ سے بھی صداکار ہیں۔

رہی سہی کسر اُس ذوق و شوق نے پوری کردی ہے، جو انہیں اُردو زبان کی پڑھنت کی ہے۔ ٹھیک سے یاد نہیں پڑتا کہ پہلی ملاقات کب، کہاں اور کیوں ہوئی۔ ہاں اتنا ضرور ہے کہ ہر ملاقات پہلی سے زیادہ گرم جوشی سے ہوتی ہے۔ ملاقاتوں میں وقفہ بھی آجائے تو عرصۂ دراز بعد بھی سلسلہ وہیں سے جُڑ جاتا ہے کہ جہاں پچھلی بار ٹھہرا تھا۔ اپنے میر نے کہا تھا نا کہ ؎

روز ملنے پہ نہیں نسبتِ عشقی موقوف

عُمر بھر ایک ملاقات چلی آتی ہے

توثیق وہ صاحب ہیں کہ جو دارالخلافہ کو دارالتخلیق بنائے بیٹھے ہیں۔ ان کا ادارہ ’’بلیک باکس‘‘ نت نئی طرزِ تخلیق کا قائل اور لکھنوی محاورے کے مطابق ’’کسی گھر بند نہیں‘‘۔ جب پہلی بار اُن کے ادارے میں جانا ہوا تو یُوں لگا، جیسے کسی بین البراعظمی حیرت کدے یا کسی بین الاقوامی عجائب خانے میں قدم دھر لیا ہو۔ جس طرف نگاہ دوڑائیں، کسی قدیمی تہذیب کا نمونہ، کسی دُور دیس کا مخطوطہ، کسی عہدِ گزشتہ کا پارچہ سامنے تھا۔

چائے آئی تو کپ، مُنّی سی طشتری، ٹی کوزی اور لوازمات کی چھوٹی سی رکابی سب حیرت انگیز و تحیر آموز تھے۔ جُزئیات پر توثیق کی توجّہ اُتنی ہی ہے، جتنی شاعر کی حسین خدوخال پر ہوتی ہے۔ ’’بلیک باکس‘‘ کی دیواروں پر توجّہ کیجے۔ مصوری کے شاہ کار اور زندگی کے معیار اور حُسن کے تیر و تلوار اس کثیر تعداد میں ٹانک رکھے ہیں کہ دیوار بےچاری نظر ہی نہیں آتی۔

موصوف خُود بھی دیدہ زیب و خوش پوش ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ کسی بھی دیس کی نشریاتی دنیا میں بعض آوازیں محض آوازیں نہیں ہوتیں، اپنے عہد کی شناخت بن جاتی ہیں۔ ان کی گونج ریڈیو کی لہروں اور ٹیلی ویژن کی موجوں سے نکل کر لوگوں کے دِلوں، ذہنوں اور حافظوں میں اُتر جاتی ہے۔ توثیق حیدر کا شمار بھی ایسے ہی صاحبانِ آواز میں ہوتا ہے، جنہوں نے اپنی خوش آہنگی، ہمہ رنگی، شائستگی، شُستگی، شگفتگی، متانت اور فنِ ابلاغ سے ذرائعِ ترسیل کو محض پیشہ نہیں، ایک تہذیبی ذمّے داری کا درجہ عطا کردیا۔

توثیق پاکستان کے معروف ریڈیو و ٹیلی ویژن میزبان، نشریاتی صداکار، پروگرام پیش کار اور اداکار ہیں۔ انہیں بہت سارے اعزازات کے ساتھ ساتھ ایک یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ پاکستان میں ایف ایم ریڈیو کی تجرباتی نشریات سے اُٹھنے والی اولین آواز انہی کی تھی۔ یوں گویا پاکستان کی فضائے نشریات میں ایف ایم کی نئی صُبح کا آفتابِ اول انہی کے لبوں سے روشن ہوا اور ان کی آواز نے ایک نئےعہد کی دہلیز پر دستک دی۔

جب پاکستان ٹیلی ویژن کے چینل ’’پی ٹی وی ہوم‘‘ سے صُبح کے پروگرام ’’رائزنگ پاکستان‘‘ کی میزبانی کے فرائض انجام دیے، تب بھی ان کی گفتگو میں وہی شائستہ رکھ رکھاؤ، وہی عمیق ٹھہراؤ اور وہی مانوس طرزِ ادا رہی، جو ایک صاحبِ مطالعہ اور صاحبِ ذوق میزبان کا طرّۂ امتیاز ہوا کرتا ہے۔ ان کے ہاں الفاظ محض ادا نہیں، قرینے سلیقے سے برتے جاتے ہیں۔

لہجہ صرف کانوں تک نہیں پہنچتا، ذہن و دل میں بھی اپنی جگہ بناتا ہے۔وہ 2005 سے ’’بلیک باکس ساؤنڈز‘‘ کے بانی اور چیف ایگزیکیٹو آفیسر کی حیثیت سے بھی سرگرمِ عمل ہیں۔ دستاویزی فلم سازی کےمیدان میں بھی انہوں نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا ثبوت دیا اور ’’دی اسٹوری آف اے بنیان ٹری‘‘ (The Story of a Banyan Tree) کے نام سے ایک دستاویزی فلم کی ہدایت کاری کی۔

توثیق کا تعلق راول پنڈی سے ہے۔ ان کا پیشہ ورانہ سفر 1987ء میں ریڈیو پاکستان سے شروع ہوا، جہاں انہوں نے انگریزی خبروں کے قاری کی حیثیت سے اپنی نشریاتی زندگی کا آغاز کیا۔ بعد ازاں، پاکستان ٹیلی ویژن سے بھی انگریزی خبریں پڑھیں اور اپنے صاف، رواں اور باوقار ادائیگیٔ تلفظ کے ذریعے سامعین و ناظرین میں اپنی پہچان بنائی۔1993 ء میں جب ریڈیو پاکستان نے تجرباتی طور پر اپنے ایف ایم چینل کی نشریات کا آغاز کیا، تو اس نئے نشریاتی باب کی پہلی صدا توثیق ہی کے حصّے میں آئی۔

یہ محض ایک اعزاز نہ تھا بلکہ پاکستان کی ریڈیو نشریات کی تاریخ میں ایک یادگار سنگِ میل بھی تھا۔ وقت کے ساتھ انہوں نے ریڈیو پر متعدد پروگرام پیش کیے، مختلف موضوعات پر گفتگو کے سلسلے سجائے اور پاکستان ٹیلی ویژن پر کئی ٹاک شوز کی میزبانی کی۔ ان کی آواز نے خبر سے مکالمے اور مکالمے سے تفریح و آگہی تک ہر میدان میں اپنی موجودگی کا احساس دلایا۔

اگست 2022 ء میں ریڈیو پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے سلسلے میں منعقدہ ایوارڈز کی تقریب میں توثیق حیدر کو ’’سُپر اسٹار ایوارڈ2022 ء‘‘ سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز ان کی طویل نشریاتی خدمات، پیشہ ورانہ وابستگی اور ریڈیو کے فن سے ان کی دیرینہ رفاقت کا اعتراف تھا۔ گویا برسوں کی ریاضت اور آواز کے ہنر کو ادارے نے ایک سندِ افتخار عطا کی۔

توثیق کی سرگرمیاں محض مائیکروفون کے سامنے بیٹھنے یا کیمرے کے روبرو آنے تک محدود نہیں۔ وہ فنِ ابلاغ اور پیش کاری کے ایک تجربہ کار تربیت کار کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیتے ہیں۔ مارچ 2022 ء میں انہوں نے پاکستان براڈکاسٹنگ اکیڈمی، اسلام آباد میں منعقدہ تربیتی ورک شاپ ’’اچھا کمپیئر یا میزبان کیسے بنا جائے؟‘‘ میں شرکت کی۔

اس ورک شاپ کا موضوع بھی ان کے تجربے اور پیشہ ورانہ دل چسپی سے ہم آہنگ تھا۔2022ء میں توثیق حیدر کو ایک ترک ڈرامے ’’کويو بیاض‘‘ (Koyu Beyaz) میں اداکاری کے لیے منتخب کیا گیا، جس میں ان کے ساتھ معروف اداکارہ عتیقہ اوڈھو بھی شامل تھیں۔ یہ ان کے فنی سفر کا ایک اور باب تھا، جو اس حقیقت کا عینی شاہد تھا کہ ایک کام یاب میزبان کے اندر اداکاری کے امکانات بھی کس طرح انگڑائیاں لیتے رہتے ہیں۔

یاد پڑتا ہے کہ کراچی میں سیلاب آیا تو مجھے توثیق بھائی کی کال آئی۔ اس موضوع پر کچھ پڑھنت کا ارادہ تھا۔ کہنے لگے کہ کچھ لکھ بھیجیے۔ شاعر کی طبیعت تو پہلے ہی اس سانحے پر اُداس تھی۔ مہمیز میسّر آئی تو اشہبِ سخن نے دُلکی دوڑتے دوڑتے سرپٹ بھاگنا شروع کردیا۔ تھوڑی سی دیر میں مسدّس کی ہیئت میں نظم ہوگئی۔ بھیجی تو موصوف کی دوبارہ کال آئی اور انہوں نے نظم کی بے تحاشا تحسین کی۔ نظم کچھ یوں تھی ؎

جس آشیاں میں دربدَروں کو ملی امان!

وہ شہر جو رہا ہے غریبوں پہ مہربان

جس میں مہاجر آکے رہے اور بسے پٹھان

بچے، بڑے، بزرگ، خواتین، نوجوان

اُس آشیاں پہ قہر ہے اب ابر و باد کا

کس طرح نوحہ لکھوں عروسُ البلاد کا

یہ شہرِ زندہ دل تھا کبھی روشنی کا شہر

جس کے مکیں کروڑوں تھے، ہمسایہ ایک بحر

گلیوں میں دوڑتی تھی جواں زندگی کی لہر

پھر اس نگر کو کھا گیا بد نّیتی کا زہر

ارباب کو علاج کی توفیق کب ہوئی

ایسا مچا اندھیر کہ دن میں ہی شب ہوئی

کوئی لُٹیرا انجم و مہتاب لے گیا

پھر کوئی چور زیست کے اسباب لے گیا

آنکھوں کو جیسے کوئی بُرا خواب لے گیا

ان سب سے جو بچا، اُسے سیلاب لے گیا!

عُمروں کی جمع پونجی تو پانی میں بہہ گئی

باقی گھروں میں حسرتِ خاموش رہ گئی

اک دَور میں یہ شہر تھا جنت سے بھی حسیں

اب ایک بھی چراغ سرِ رہگزر نہیں

کچرا، شکستہ گلیاں، بلکتے ہوئے مکیں

دھندلا سا آسمان، بہت زرد سی زمیں

ایدھی بھی روتے ہوں گے یہ پامالی دیکھ کر

قائد نڈھال ہوں گے یہ بدحالی دیکھ کر

دارالخلافہ تھا کبھی، وحشت نگر ہے اب

یارو! اسے بحال کرو مل کے سب کے سب

مانگو دُعا کہ اس پہ عنایات کردے رب

خوشیوں سے لہلہائیں کراچی کے روز و شب

کچھ معجزہ ہو رُونما، کوئی کمال ہو

پھر سے ہمارے شہر کی رونق بحال ہو

ویسے موصوف سے ہماری نوک جھونک بھی چلتی رہتی ہے۔ ایک لمبے عرصے تک رابطہ نہ ہو پایا، تو ہم نے بات بے بات نعرۂ حیدری بلند کرنے والے اس مولائی کو ایک شعر لکھ بھیجا کہ ؎

اگر دیں آپ کو یہ ہمت و توفیق، حیدر

ہمیں کھانے پہ بُلوا لیں کبھی، توثیق حیدر!

قہقہوں سے بھری کال آئی اور اگلے ہی روز ہم ’’بلیک باکس‘‘ کے رنگا رنگ ہال میں مدعو تھے، جہاں پیزا کھایا، کھلایا گیا۔ نام تو رکھ چھوڑا ہے، بلیک باکس لیکن اس کی ہمہ رنگی اور رنگینئ تخلیق کے بھی ہم گواہ ہیں اور ’’آؤٹ آف باکس‘‘ اُپچ کے بھی۔

دائرے کے اندر تو یہ صاحب سوچتے ہی نہیں، باکس مستطیل ہو یا مربع، یہ باہر کی ہی سوچتے اور دُور کی کوڑی لاتے ہیں۔ ’’بُنیان مرصوص‘‘ اور ’’معرکۂ حق‘‘ میں پاکستان کی فتحِ مُبین کی سال گرہ نہایت دھوم دھام سے نئی نئی تعمیر شُدہ ’’یادگارِ حق‘‘ پر منائی جانے والی تھی۔

صدرِ پاکستان، وزیرِاعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل سیّد عاصم منیر کواس سال گرہ کی رونق بڑھانے آنا تھا۔ ہمیں کہا گیا کہ اس تقریب کے دوران پاکستان کا بلند ترین پرچم ہوا میں لہرایا جائے گا، جس کے بلندی تک جانے میں تقریباً ڈیڑھ منٹ لگے گا اور اس دوران آپ کے اشعار پڑھے جائیں گے سو ’’علَم‘‘ پر شعر لکھیے۔ ہم نے حُکم کی تعمیل کی، عشقِ وطن اور سبز ہلالی پرچم اور افواجِ پاکستان کی شان دار فتح پر اشعار کہے، جو توثیق حیدر اور فرح حُسَین نے بہت شُستہ و شائستہ انداز میں پڑھے۔ اشعار کچھ یُوں تھے ؎

‎دیکھ لے دُنیا ہمارا سبز لہراتا عَلم

یادگارِ فتحِ پاکستان ہے اپنا عَلم

روز بڑھتی جارہی ہے اِس کی عظمت، اِس کی شان

ہو رہا ہے روز اُونچا، اور بھی اُونچا عَلم

اُمتِ مُسلم کا رکھوالا ہے یہ پرچم مِرا

سب مسلمانوں کے سر کا تاج ہے میرا عَلم

آپ دل پر ہاتھ رکھ کر اِس کو دیکھیں تو سہی

نُور بھر دیتا ہے آنکھوں میں یہ اُجلا سا عَلم

تا قیامت یونہی اس کی روشنی قائم رہے

یادگارِ فتح پر کرتا رہے سایہ علَم

چاند، تارا دے رہا ہے ساری دُنیا کو پیام

امنِ عالم کا نشاں ہے میری دھرتی کا علَم

جان بھی ہے، شان بھی ہے، آن بھی ہے، مان بھی

کیوں نہ ہو فارؔس ہمیں ہر چیز سے پیارا عَلم

ہاں، گزشتہ دنوں ہم نے توثیق بھائی کی آواز کوایک قومی کیمپین میں بھی برتا کہ جس میں تمام اہلِ پاکستان سے درخواست کی گئی کہ ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کے حوالے سے وہ اپنی اپنی قومی ذمّے داری دیانت داری سے اور وقت پر پوری کریں۔

توثیق حیدر کی شخصیت کا مطالعہ کیا جائے، تو ان کے سفر میں ایک ایسے فن کار کی جھلک دکھائی دیتی ہے، جس نے آواز کو ذریعۂ معاش سے بڑھ کر ذریعۂ اظہار بنایا۔ ریڈیو کی خاموش تنہائی سے لے کر ٹیلی ویژن کے روشن اسٹوڈیو تک ان کا سفر مسلسل محنت، تجربے اور فن سے وفاداری کی داستان ہے۔ ان کی آواز نے وقت کے ساتھ کئی روپ بدلے، مگر اس کی بنیادی پہچان، شائستگی اور وقار اپنی جگہ قائم رہے۔

توثیق اُن لوگوں میں سے ہیں، جو کسی بھی معاشرے کا نرم اور جمالیات سے بَھراپُرا پہلو سامنے لے کر آتے ہیں۔ ہم جب بھی اُن سے ملتے ہیں، تخلیق کے لیے نت نئے خیالات، موضوعات اور مضامین سامنے آتے ہیں۔ یقین کیجے کہ معاشرے میں ایسی شخصیات پروان چڑھیں تو عدم برداشت اور بےصبری اور انتہا پسندی خُود بخود دم توڑ جائے۔ کسی بھی پروگرام کو (چاہے وہ ریڈیو کا ہو یا ٹیلی ویژن کا یا کوئی لائیو تقریب) آغاز سے انجام تک کام یاب بنانا ہو تو اُس کی نظامت توثیق حیدر کے حوالے کردیجیے اور پھر آگے آگے دیکھیے ہوتا ہے کیا۔

وہ چوں کہ شعر و ادب کے مسلسل اور مستقل قاری ہیں، لہذا اُن کی گفتگو محض مہمانوں کو اسٹیج پر بلانے، تعارف کروانے اور رسمی سوالات پوچھنے تک محدود نہیں رہتی۔ اُن کی گپ شپ میں حسِ مزاح بھی بامِ عروج پر ہوتی ہے، تاریخ کے حوالہ جات بھی، کلاسیک اشعار بھی اور چٹ پٹے چُٹکلے بھی۔ گفتگو کے یہ متنوّع رنگ وسیع المطالعہ ہونے کے علاوہ ممکن ہی نہیں۔

ایک بات مَیں نے اُن کی شخصیت میں یہ بھی دیکھی ہے کہ وہ مطالعے کے ساتھ مشاہدے کے قائل ہیں۔ وہ جس سے ملتے ہیں، اُس کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں کو بنظرِ غائر دیکھتے ہیں اور اس مشاہدے کو کہیں نہ کہیں گفتگو میں لازمی برتتے ہیں۔ اُن کی ٹیم کے چند ممبران سے بھی جب میری بات ہوئی تو اُن کی یہ صلاحیت مجھ پر آشکار ہوئی کہ وہ پوری ٹیم کو ساتھ لے کر چلنے کے قائل ہیں۔ شاید اسی لیے ’’بلیک باکس‘‘ میں موجود اُن کی ٹیم جس پراجیکٹ کا بھی آغاز کرتی ہے، اُسے شان دار طریقے سے اختتام تک پہنچاتی ہے۔

توثیق ان لوگوں میں سے ہیں، جن کے لیے مائیکروفون محض دھات اور تار کا مجموعہ نہیں بلکہ ایک امانت ہے۔ ایک ایسی امانت کہ جس کے ذریعے آدمی اپنی آواز ہی نہیں، اپنا ذوق، اپنا شعور اور اپنے عہد کی دھڑکن بھی دوسروں تک پہنچاتا ہے۔ ایک بھائی، دوست اور خیرخواہ کے طور پر میں اُن کے لیے مسلسل دُعا گو ہوں۔

(خاکہ نگار اسلام آباد میں تعینات سینئر بیوروکریٹ، نہایت مقبول شاعر اور بہترین کالم نگار ہیں)

سنڈے میگزین سے مزید