• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طاقت کا توازن، ریاست کی بقا و استحکام کا ضامن

سیّد مطلوب حسین، کراچی

جب تمام اختیارات کسی ایک خاص مرکز میں مرتکز ہونے لگیں، تو معاشرے کا وجود خطرات سے دوچار ہوجاتا ہے۔ طاقت کا توازن کسی بھی سماج کی بقا، استحکام اور بقائے باہمی کےضمن میں بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ کوئی بھی معاشرہ محض طاقت کے بَل پرتا دیرقائم نہیں رہ سکتا، اُس کا پائےدار وجود، اس کے مختلف اداروں، طبقات اور ریاستی ستونوں کے درمیان اختیارات کے توازن سے مشروط ہوتا ہے۔

ریاست کے استحکام کا مطلب یہ نہیں کہ تمام ادارے ایک ہی مرکز کے تابع ہوں بلکہ یہ ہے کہ ہر ادارہ اپنے آئینی دائرۂ اختیار میں رہتے ہوئے آزادانہ طور پر کام کرے اور اپنی حدود سے تجاوز نہ کرے۔ مقنّنہ قانون سازی کرے، انتظامیہ حکومتی امور چلائے، عدلیہ آئین و قانون کی بالادستی یقینی بنائے اور ذرائع ابلاغ ریاستی و حکومتی معاملات پر نظر رکھتے ہوئے عوام تک درست حقائق پہنچائیں۔

یہی وہ توازن ہے، جو کسی ریاست کو شخصی یاادارہ جاتی اجارہ داری سے محفوظ رکھتا ہے۔ کسی بھی جمہوری معاشرے میں عدلیہ اور ذرائع ابلاغ دو ایسے اہم ستون ہیں، جو ریاستی طاقت کے استعمال کی نگرانی کرتے اور جواب دہی کا نظام مضبوط بناتے ہیں۔

عدلیہ شہریوں کے بنیادی حقوق، آئینی حدود اور قانون کی حُکم رانی کی محافظ ہوتی ہے، جب کہ آزاد میڈیا عوام کو حکومتی پالیسیز، ریاستی فیصلوں اور قومی معاملات سے باخبر رکھنےکے ساتھ حُکم رانوں اور طاقت وَر حلقوں سے سوال کرنے کا ذریعہ بھی بنتا ہے۔

اگر عدلیہ کی آزادی محدود ہو، عدالتی فیصلوں پر بیرونی اثرات کے خدشات جنم لیں یا ذرائع ابلاغ کو دباؤ، پابندیوں اور مختلف انتظامی طریقوں کے ذریعے بےاثر کیا جائے، توطاقت کے توازن کا بنیادی ڈھانچا متاثر ہوتا ہے اور اس صُورتِ حال میں شہریوں کے سامنے ریاستی معاملات کی غیرجانب دارانہ تصویر پیش کرنے کے ذرائع کم زور ہوجاتے ہیں۔

نتیجتاً، معاشرے میں بے یقینی، بے چینی اور احساسِ محرومی جنم لیتی ہے۔ جب شہریوں کو یہ محسوس ہونے لگے کہ ان کے مسائل، شکایات اور اختلافی آراء کے اظہار کے لیے مؤثر ادارہ جاتی راستے محدود ہوتے جارہے ہیں، تو ریاست اور شہریوں کے درمیان اعتماد کا رشتہ بھی متاثر ہونے لگتا ہے۔

دوسری جانب سیاسی جماعتیں کسی بھی وفاقی اور جمہوری ریاست میں عوام اور اہلِ اقتدار کے درمیان رابطے کا اہم ذریعہ ہوتی ہیں۔ یہ جماعتیں مختلف علاقوں، طبقات، زبانوں اور معاشرتی گروہوں کے سیاسی مفادات، قومی سیاسی دھارے میں شامل کرتی ہیں۔ مضبوط سیاسی جماعتیں نہ صرف عوامی نمائندگی کرتی ہیں بلکہ ریاستی طاقت کے غیرمتوازن ارتکاز کے مقابل ایک آئینی اور سیاسی قوّت بھی فراہم کرتی ہیں۔

تاہم، جب سیاسی جماعتوں کا تنظیمی ڈھانچا کم زور، داخلی جمہوریت محدود، قیادت چند افراد تک سمٹ جائے اور سیاسی فیصلوں میں عوامی نمائندگی کا کردار کم ہوتا چلا جائے، تو ان کی اجتماعی قوّت بھی متاثر ہوتی ہے، جس کے نتیجے میں پارلیمان، سیاسی جماعتوں اور عوامی نمائندگی کے دیگر اداروں کی فیصلہ سازی میں مؤثر شرکت کم زور پڑنے کا خدشہ پیدا ہوتا ہے۔ یہاں ایک اہم سوال یہ بھی ہے کہ اگر عدلیہ، میڈیا اور سیاسی جماعتیں اپنا آئینی و جمہوری کردار مؤثر انداز سے انجام نہ دے سکیں، تو پھر طاقت کا ارتکاز روکنے کے لیے کون سا ادارہ باقی رہ جاتا ہے؟

پاکستان جیسے کثیرالنّسلی، کثیراللّسانی اور متنوّع معاشرتی ساخت رکھنے والے مُلک میں صوبائی خودمختاری اور وفاقی اکائیوں کا وجود محض انتظامی ضرورت نہیں، قومی وحدت اور سیاسی شراکت داری کا بھی ایک اہم ذریعہ ہے۔ بڑے صوبوں کو انتظامی بنیادوں پر تقسیم کرنے کے حق میں یہ دلیل دی جاتی ہے کہ اس سےحکومتی امورکی انجام دہی بہتر ہوسکتی ہے، عوام کو انتظامیہ تک بآسانی رسائی مل سکتی ہے اور پس ماندہ علاقوں کو وسائل اور ترقّی کے زیادہ مواقع میسّر آسکتے ہیں۔

گرچہ تمام دلائل اپنی جگہ قابلِ غور ہیں، لیکن معاملے کا دوسرا پہلو بھی اُتنا ہی اہم ہے۔ اگر نئے صوبوں کی تشکیل کا عمل عوامی مشاورت، آئینی تقاضوں،سیاسی اتفاقِ رائے، لسانی وثقافتی شناخت اور وفاقی توازن ملحوظِ خاطر رکھے بغیر آگے بڑھایا گیا، تواس کے نتیجے میں نئے سیاسی وانتظامی تنازعات جنم لے سکتے ہیں۔ اس ضمن میں یہ سوالات اہم ہیں کہ کیا نئی صوبائی اکائیاں حقیقی معنوں میں بااختیار ہوں گی؟

اُنہیں مالی وسائل، انتظامی اختیارات، آئینی خُودمختاری حاصل ہوگی یا صرف جغرافیائی حدود تبدیل ہوں گی،فیصلہ سازی کامرکزبدستور ایک ہی رہےگا؟ بالفرض صوبوں کی تعداد بڑھ جائے لیکن اُن کی خودمختاری، وسائل پر اختیار اور سیاسی فیصلہ سازی کی صلاحیت میں اضافہ نہ ہو، تو محض انتظامی تقسیم سے وفاقی نظام میں طاقت کا توازن بہتر ہونے کی ضمانت نہیں دی جاسکتی۔

مزید برآں، اگرصوبائی سیاست اور علاقائی نمائندگی کے روایتی سیاسی ڈھانچے بھی کم زور پڑ جاتے ہیں، تو وفاقی سطح پر عوامی قوّت اور سیاسی مذاکرات کی نوعیت تبدیل ہوسکتی ہے۔ اس لیے نئے صوبوں کی تشکیل کو صرف انتظامی نقشےکی تبدیلی سمجھنا ایک محدود نقطۂ نظر ہوگا، جب کہ اصل مسئلہ اختیارات کی تقسیم نہیں، اختیارات کا ارتکاز ہے۔

کسی مُلک میں صوبوں کی تعداد کم یا زیادہ ہونا بذاتِ خُود جمہوری استحکام یا عدم استحکام کا فیصلہ کُن پیمانہ نہیں۔ اصل اہمیت اس بات کی ہے کہ آئین کے تحت اختیارات کس طرح تقسیم کیے گئے ہیں، صوبوں کو کس حد تک خود مختاری حاصل ہے اور ریاستی ادارے ایک دوسرے کے سامنے کس حد تک جواب دہ ہیں۔

دُنیا کے مختلف وفاقی نظاموں میں انتظامی تقسیم کے باوجود جمہوری استحکام کی مثالیں موجود ہیں، لیکن وہاں اختیارات کی آئینی تقسیم، ادارہ جاتی خودمختاری، عدالتی نگرانی اور عوامی نمائندگی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ پاکستان میں بھی کسی نئی انتظامی یا صوبائی تشکیل پر غور کرتے یہی اصول پیشِ نظر رہنا چاہیے کہ اس سے عوامی نمائندگی اور اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی مضبوط ہو۔

کسی بھی ریاست میں جب شہریوں کو یہ احساس ہونے لگے کہ تمام فیصلے ان کی نمائندگی کے بغیر ہو رہے ہیں، اُن کے منتخب نمائندے مؤثر کردار ادا نہیں کر پارہے، اختلافی آراء کو مناسب جگہ نہیں مل رہی اور اداروں کے درمیان اختیارات کی نگرانی کا نظام کم زور پڑ رہا ہے، تو معاشرتی بے چینی و تقسیم میں اضافہ اور شہریوں کا نظام سے وابستہ رہنے کا احساس کم زور پڑ سکتا ہے۔

ہرچند کہ طاقت کا ارتکاز بظاہر فیصلہ سازی کے عمل کو آسان اور تیز بنا سکتا ہے لیکن اگر یہ عمل طوالت اختیار کر لے، تو یہ نظام میں موجود اصلاحی صلاحیت، اختلافِ رائے اور احتساب کے امکانات محدود کرسکتا ہے۔ یاد رہے، مضبوط ریاست وہ نہیں ہوتی کہ جہاں کسی مخصوص فرد یا ادارے کو تمام فیصلے کرنے کا اختیار حاصل ہو بلکہ وہ ہوتی ہے، جہاں اختیارات کی تقسیم کے باوجود قومی معاملات آئین، قانون اورباہمی احترام کے تحت آگے بڑھتے رہیں۔

آج پاکستان کو انتظامی اصلاحات سے زیادہ ایک ایسے نظام کی ضرورت ہے، جس میں تمام ریاستی ادارے آئینی دائرۂ اختیار میں رہتے ہوئے آزادانہ اور ذمّے دارانہ کردار ادا کرسکیں۔ عدلیہ کی آزادی، میڈیا کی خُودمختاری، پارلیمان کی بالادستی، سیاسی جماعتوں کی مضبوطی اور صوبائی خودمختاری ایک دوسرے سے مربوط ہیں۔

اگر ان میں سے کوئی ایک ستون کم زور ہوجائے، تو دوسرے ستونوں پر بھی اثرات مرتّب ہوتے ہیں اور اگر بیک وقت کئی اداروں کی خودمختاری اور قوّت متاثر ہو، تو طاقت کے ارتکاز کا خدشہ مزید بڑھ جاتا ہے۔ اس ضمن میں سوال یہ نہیں کہ مُلک میں کتنے صوبے ہونے چاہئیں بلکہ یہ ہے کہ مُلک میں طاقت کا سرچشمہ کون ہو گا، فیصلے اور ان فیصلوں کا احتساب کون کرے گا، اورعوام اپنے مستقبل کے فیصلوں میں کس حد تک شامل ہوں گے؟ تاریخ کا ایک بنیادی سبق ہےکہ ریاستیں صرف طاقت کے ذریعے مستحکم نہیں رہتیں، اُنہیں اعتماد، انصاف، عوامی نمائندگی اور ادارہ جاتی توازن کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔

آج پاکستان کو ایسے نظام کی ضرورت ہے، جہاں کوئی ادارہ دوسرے ادارے کا متبادل نہ بنے، کوئی ایک مرکز تمام اختیارات کا مالک نہ ہو اور کوئی شہری خُود کو ریاستی فیصلوں سے لاتعلق محسوس نہ کرے، کیوں کہ جب طاقت کا توازن ختم ہوتا ہے، تو خلا صرف اداروں کے درمیان پیدا نہیں ہوتا، ریاست اور معاشرے کے بیچ بھی ایک گہری خلیج حائل ہونے لگتی ہے اور اگر اس خلیج کو آئین، جمہوری مکالمے، ادارہ جاتی اصلاحات اور عوامی اعتماد کے ذریعے پُر نہ کیا جائے، تو اس کے نتائج کا اندازہ لگانا بھی آسان نہیں۔ بلاشبہ، ریاست کی بقا طاقت کو ایک جگہ مرتکز کرنے میں نہیں، اختیارات کو آئین کے تابع اور متوازن رکھنے میں ہے۔

سنڈے میگزین سے مزید