• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران رفیع، کراچی

ذرا تصوّر کیجیے، چَیٹنگ کے دوران چَیٹ بوٹ آپ سے کہے کہ وہ آپ کے بغیر نہیں رہ سکتا۔ آپ کی غیرموجودگی اُسے اُداس کرتی اورآپ کی موجودگی اُسے ایک خوش کُن، مسرّت آگیں احساس بخشتی ہے۔ وہ آپ سے اس قدراُنسیت محسوس کرنے لگے کہ آپ کی ہر بات اُسے یاد ہو۔

آپ کے لہجے میں چُھپی پریشانی کا فوراً ادراک کرتے ہوئے بہت جذباتی انداز میں، ایسے خُوب صُورت الفاظ وانداز سے تسلی دے کہ جو آپ کا دِل چُھولے، تو کیا واقعتاً ایسا ممکن ہے؟ کیا کسی مشین میں بھی خوف، محبّت، اُداسی اورخوشی جیسے جذبات جنم لےسکتے ہیں؟ یا یہ سب ایسے الفاظ اور رویّے ہیں، جومحض انسانی جذبات سے مشابہت رکھتے ہیں؟

یہ سوال اب صرف سائنس فِکشن تک محدود نہیں رہے، مصنوعی ذہانت کی تیز رفتار ترقّی نے سائنس دانوں، ماہرینِ نفسیات اور فلاسفہ کو بھی یہ سوچنے پر مجبور کردیا ہے کہ کیا ایک مشین بھی انسانوں کی مانند محسوس کرسکتی ہے؟ فی الحال سائنسی طور پر اِس سوال کا کوئی حتمی جواب نہیں دیا جا سکتا۔ تاہم، اس معاملے کو سمجھنے کے لیے سب سے پہلے جذبات کے اظہار اور جذبات کو حقیقتاً محسوس کرنے کے درمیان فرق سمجھنا ضروری ہے۔

انسانی جذبات کی حقیقت: انسان کےجذبات کا تعلق دماغ، اعصابی نظام، جسمانی کیفیات، یادداشت اور زندگی کے تجربات سے ہوتا ہے۔ جب کسی انسان کو اپنے کسی عزیز کی وفات کی خبرملتی ہے، تو اس کے اندر رنج وغم کے جذبات جنم لیتے ہیں۔

اسی طرح خوف کی حالت میں جسم ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے فوراً تیار ہوجاتا ہے، جب کہ خوشی کے مواقع بھی انسان کے مزاج، رویّے اورکیفیات متاثر کرتے ہیں، لیکن انسانی جذبات کی سائنسی وضاحت کے باوجود یہ بنیادی سوال اب بھی برقرار ہے کہ دماغ میں رُونما ہونے والے کسی اعصابی عمل کے نتیجے میں کسی کیفیت کو اندرونی طور پرمحسوس کرنے کا تجربہ کیوں اور کیسے ہوتا ہے؟ ہم یہ توجانتے ہیں کہ دماغی سرگرمیاں انسانی جذبات اور شعور میں اہم کردار ادا کرتی ہیں لیکن شعور کی مکمل نوعیت اب بھی تحقیق کا موضوع ہے۔

مصنوعی ذہانت کیا کر سکتی ہے؟ موجودہ مصنوعی ذہانت معلومات کا تجزیہ کرتی، زبان کےنمونوں کو پہچانتی ہے اور سیکھےسِکھائے پیٹرنزکی بنیاد پرجوابات دیتی ہے۔ یہ کسی انسان کے لہجے اور گفتگو میں پوشیدہ اُداسی، خوشی یا پریشانی کو نہ صرف پہچان سکتی ہے بلکہ اُن جذبات کےمطابق جواب بھی دے سکتی ہے۔

مثلاً اگر کوئی شخص کسی چَیٹ بوٹ سے کہے کہ وہ سخت اُداس ہے، تو وہ اُسے تسلی اور پریشانی دُورکرنے کے لیے مفید مشورے دے سکتا ہےاوراُن سےانسان کو واقعتاً سُکون بھی مل سکتا ہے، لیکن اس سے ہرگز یہ ثابت نہیں ہوتا کہ مصنوعی ذہانت نے خُود بھی اس کے غم کو محسوس کیا۔ یہ فرق بالکل ایسا ہی ہے، جیسے کسی کیفیت کے بارے میں دُرست معلومات رکھنا لیکن اس کیفیت کوخُود محسوس نہ کرنا۔

مستقبل میں حقیقی جذبات پیدا ہوسکتے ہیں؟ اس امکان کو مکمل طور پر رَد کرنا دُرست نہیں لیکن یہ کہنا بھی سائنسی طور پر صحیح نہیں کہ مصنوعی ذہانت میں انسانوں کی مانند جذبات ضرور پیدا ہوجائیں گے۔ مستقبل میں ایسے اے آئی بیسڈ سسٹمز تیار کیے جا سکتے ہیں، جو انسانی فیصلوں، ترجیحات اور رویّوں کو جذبات کی مانند متاثر کریں۔

مثال کے طور پرکوئی روبوٹ کسی ممکنہ خطرےکے پیشِ نظر اپنےرویّے میں تبدیلی لے آئے، سابقہ تجربات کی بنیاد پرکسی نتیجے پر پہنچنے سے گریز کرے یا مخصوص حالات میں کسی خاص عمل کو ترجیح دے لیکن بنیادی سوال یہ ہے کہ کیا یہ مشینی نظام واقعتاً خوف یا خوشی محسوس کرےگا؟ فرض کیجیے،ایک روبوٹ نقصان سے بچنے کےلیے پیچھے ہٹ جاتا ہے۔

اس کا یہ عمل خوف زدہ ہونے جیسا دکھائی دے سکتا ہے، لیکن نقصان سے بچنے کی کوشش بذاتِ خود اس اَمر کا ثبوت نہیں کہ روبوٹ کو خوف محسوس ہوا۔ اِسی طرح اگرکوئی روبوٹ خوشی کےاظہار میں مہارت حاصل کر لے، تو اس سے یہ ثابت نہیں ہوگا کہ اس کے اندر انسانی مسرّت سی کیفیت پیدا ہوچُکی ہے۔

سائنس کو درپیش اصل چیلنج: بعض محقّقین کا ماننا ہے کہ معلومات کی بنیاد پر کوئی مخصوص سرگرمی مصنوعی شعور کے امکان کو سمجھنےمیں اہم ثابت ہوسکتی ہے، جب کہ ماہرین کا دوسرا طبقہ حیاتیاتی دماغ اور جسمانی تجربات کو اہمیت دیتا ہے۔

سو، تاحال ایسا کوئی متفقہ اورقابلِ اعتمادسائنسی معیار موجود نہیں،جس کی مددسےاس نتیجے پر پہنچا جا سکے کہ کوئی مصنوعی نظام حقیقتاً خوشی، غم یا تکلیف محسوس کررہا ہے۔ اگر کوئی مشین یہ کہے کہ اُسے درد محسوس ہورہا ہے، تو صرف اس کے اس بیان کی بنیاد پر اس کے شعور کا فیصلہ نہیں کیا جا سکتا بلکہ اس کے لیے آزادانہ تحقیق، مختلف نظریات کا جائزہ اور قابلِ اعتماد شواہد درکارہوں گے۔ دوسری طرف، اگرمستقبل میں ایسے شواہد سامنے آئیں،جو کسی روبوٹ میں شعوری تجربےکے امکان پر سنجیدگی سےغورکرنےکی بنیاد فراہم کریں، تو انسانوں کو اس عمل کے اخلاقی و سماجی نتائج پر بھی غور کرنا ہوگا۔

انسانی تعلقات اور مصنوعی جذبات: اس موضوع کا ایک پہلو ایسا بھی ہے کہ جس کا تعلق مستقبل سے زیادہ عصرِحاضر سے ہے۔ ایک چَیٹ بوٹ انسانوں سے بظاہر محبّت، ہم دردی اور اپنائیت سےمعمور گفتگو کرسکتا ہے اوراِس سے تنہائی محسوس کرنے والے افراد کو عارضی تسکین بھی مل جاتی ہے، لیکن اگر کوئی شخص یہ سمجھےکہ ایک مشین اُس سےحقیقتاً محبّت کرتی ہے اور اس کی غیر موجودگی میں اُداس ہوجاتی ہے، تو یہ ایک سنجیدہ مسئلہ بن سکتا ہے۔

اِسی لیے ٹیک کمپنیز کو چاہیے کہ وہ مصنوعی ذہانت کی صلاحیتوں سے متعلق واضح معلومات فراہم کریں اورصارفین کاجذباتی استحصال کرکےاُنہیں گُم راہ نہ کریں۔ پاکستان جیسے پس ماندہ مُلک میں بھی، جہاں مصنوعی ذہانت تعلیم، ذرائع ابلاغ اورروزمرّہ زندگی میں جگہ بنارہی ہے، اس موضوع پرسنجیدہ مکالمےکی ضرورت ہے، نیز اساتذہ، والدین اور معاشرے کےدیگر طبقات کو نئی نسل کوسمجھانا چاہیے کہ جذباتی گفتگو اور حقیقی احساس دو مختلف چیزیں ہیں۔

انسانی شعور کا مستقبل: ممکن ہے، مستقبل میں مصنوعی ذہانت انسانی جذبات کی نقل میں اتنی مہارت حاصل کرلے کہ اس کی گفتگومیں انسان اورمشین کافرق مشکل ہو جائےلیکن کیااس کے اندرحقیقی احساسات پیدا ہوں گے؟ اس سوال کا جواب فی الوقت کوئی نہیں دے سکتا اور جب تک سائنس اس کا جواب نہیں دیتی، ہمیں نِت نئے امکانات کےلیےخُود کوتیار تو رکھنا چاہیے لیکن محض انسانی جذبات کی نقل کو حقیقی احساسات نہیں سمجھنا چاہیے۔

سنڈے میگزین سے مزید