صوبہ پنجاب کے ضلع سرگودھا میں واقع تاریخی قصبے میانی کا پرانا نام ’’لون میانی‘‘ ہے۔ قدیم دوَر میں دریائے جہلم کے قریب، ملک وال سے تقریباً15کلومیٹر مغرب میں واقع اس مقام پر نمک (لُون) کا ایک بڑا ذخیرہ اور ایک بہت بڑی تجارتی منڈی ہوا کرتی تھی، جس کی وجہ سے قدیم زمانے میں یہ قصبہ نمک کی تجارت کا مرکز تھا۔
تاہم، کھیوڑا سے براہِ راست ریلوے لائن بچھنے کے بعد بطور نمک منڈی اس کی اہمیت کم ہوتی چلی گئی۔ بعد ازاں،1865ء میں اُس وقت کے ڈپٹی کمشنر، کیپٹن ڈیوس نے خصوصی دل چسپی لے کر قصبے کے اس اہم تجارتی مرکزکی نئی منصوبہ بندی اور بہتری پر خاصا کام کیا۔
پنجابی زبان میں ’’لُون‘‘ نمک کو کہا جاتا ہے اور اس نمک کی تاریخ عہدِ سکندرِ اعظم سے جُڑی ہے۔ روایات کے مطابق، سکندر کے گھوڑے یہاں باندھے گئے، تو وہ ان چٹانوں کو چاٹنے لگے اور گھوڑوں کے اس طرح چٹانیں چاٹنے سے وہاں نمک کی موجودگی کا پتا چلا، نمک کی کانیں دریافت ہوئیں، جنھیں بعد ازاں برطانوی دورِ حکومت میں تجارتی شکل میں استعمال کیا گیا اور ترسیل کے لیے ڈنڈوٹ لائٹ ریلوے لائن بچھائی گئی۔
ابتدائی دَور میں مقامی لوگ گھریلو ضرورت کے لیے اوزاروں سے نمک نکالتے رہے، پھر برطانوی حکومت نے اس معدنی وسیلے کی معاشی قدر تسلیم کرتے ہوئے کان کنی کو منظّم کرنے کے ساتھ کان کے اندر چھوٹی پٹری کی ٹرین اور باہر ترسیل کے لیے ’’ڈنڈوٹ لائٹ ریلوے‘‘ قائم کی۔ برطانوی دَور میں تعمیر شدہ ریلوے لائن نے کھیوڑا کو میانی سے ملایا، جہاں سے نمک نہ صرف راول پنڈی، لاہور بلکہ کلکتہ اور بمبئی تک پہنچایا جانے لگا۔
جس کے بعد قصبہ لون میانی معاشی طور پر پھلنے پھولنے لگا، تو وہاں کے رہائشیوں نے کشادہ حویلیاں اور مکانات تعمیر کرلیے، جن میں نوآبادیاتی طرزِ تعمیر اور مقامی انداز کا حسین امتزاج نظر آتا تھا۔ تقسیمِ ہند سے پہلے یہاں ہندؤں اور سکھوں کی کثیر آبادی تھی، جب کہ قیامِ پاکستان کےبعد بھارت سے آنے والے مسلمان مہاجرین آباد ہوگئے۔ یہاں اب بھی قیامِ پاکستان سے پہلے کے کئی پرانے اور تاریخی مکانات موجود ہیں اور ان پرانی عمارات کی دیواریں ماضی کی روایات اور داستانوں کی عکاسی کرتی ہیں۔
آج بھی لون میانی کی گلیوں میں صدیوں پرانی حویلیوں کی جھلک دکھائی دیتی ہے، جن کی بالکونیوں کے نقش و نگار، لکڑی کی نفیس کندہ کاری اور اندرونی صحن ایک درخشاں ثقافتی ماضی کی گواہی دیتے ہیں، مگر افسوس، یہ عمارتیں عدم توجّہی اور شہری پھیلاؤ کے باعث خستہ حالی کا شکار ہیں۔ ان ہی چند تاریخی عمارتوں میں سے ایک’’حویلی کرشن نواس‘‘ بھی ہے، جس کے دروازے پرانگریزی میں ’’Krishen Niwas‘‘ کندہ ہے، جب کہ دیگر دروازوں پر لکڑی کے نفیس کام میں کنول کے پھول اور دیگر ہندوانہ نقوش نمایاں ہیں۔
ماضی میں میانی ایک تاریخی فصیل بند شہر ہوا کرتا تھا، مگر اب جدید تعمیرات کی زد میں ہے، جہاں روایتی طرزِ تعمیر، ثقافتی میلے اور لوک تہوار وقت کی گرد تلے دب گئے ہیں۔ ایک زمانے میں اس کے داخلی راستے ملتانی اور لاہوری دروازوں پر مشتمل تھے۔ چھوٹی اینٹوں اور چُونے کے مسالے سے تیار کردہ یہ دروازے، رات کو بند کردیئے جاتے۔ اس کی تنگ گلیاں اور دیدہ زیب اینٹوں کے مکانات، اب جدید عمارتوں میں بدل گئے ہیں۔
ماضی میں یہاں ہر سال 13اور14اپریل کو گندم کی فصل کی کٹائی کےموقعے پر پرڈھول کی تھاپ پر کبڈی، کُشتی کے مقابلے اور کرتب بازی کے مظاہرے ہوتے تھے۔ گوکہ سماجی روابط مضبوط بنانے اور کسانوں کے باہمی تعلقات اور خوشی کے اظہار کے لیے منائے جانے والے تہواروں کی روایات وقت گزرنے کے ساتھ بالکل مدھم پڑگئی ہیں، مگر مقامی بزرگ آج بھی ان تہواروں کو بہت محبت سے یاد کرتے ہیں۔
بہرحال، لون میانی اب ایک گم نام، خاموش قصبہ بن چکا ہے، جہاں کی متروک ریلوے لائن اور خستہ حال تاریخی عمارتیں زوال کی تصویر پیش کر رہی ہیں۔ اس ثقافتی وَرثے کو بچانے، سیّاحت کے فروغ، اور حویلیوں کی بحالی کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔
ریلوے لائن کا نظام تقریباً ختم اور ناکارہ ہو چکا ہے، تاریخی، قدیم عمارات، انہدام کے شدید خطرے سے دوچار ہیں، تو اس صورتِ حال میں نمک کی تاریخی حیثیت اُجاگر کرکے سیّاحوں کو دوبارہ ر اغب کیا جاسکتا ہے۔ نیز، قدیم حویلیوں کی فوری بحالی سے قصبے کو دوبارہ رونق مل سکتی ہےاور لون میانی ایک بار پھر ایک خُوب صُورت ثقافتی مرکز بن سکتا ہے۔