• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کمالیہ کا روایتی کھسہ: نفاست، پائے داری، ثقافتی شناخت کے سبب منفرد مقام کا حامل

روایتی ہُنرسے مالا مال شہر کمالیہ، پنجاب کے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی ایک تحصیل ہے، جو اپنی زرخیز زمینوں، محنتی کسانوں، پولٹری کی صنعت، معیاری کھدّر اور قدیم دست کاریوں کی وجہ سے منفرد مقام رکھتا ہے۔ یہاں کی معیشت کا بڑا حصّہ زراعت اور پولٹری پر محیط ہے، جب کہ ہاتھ سے تیار کیے جانے والے روایتی کھسّے بھی برسوں سے اس کی اہم شناخت ہیں۔

یوں کہیے، کمالیہ اور نفیس کھدّر، حسین کھسّے گویا لازم و ملزوم ہیں۔ شہر کا قدیم ’’کُھسّہ بازار‘‘ یہاں کے ہُنرمندوں کی آماج گاہ ہے، جہاں بہترین کاری گر، دن بھر عام چمڑے کو خُوب صُورت کُھسّوں میں ڈھالتے رہتے ہیں۔ یہاں کی چھوٹی دکانوں اور کارخانوں میں بھی ہاتھ کی محنت، نفاست اور تجربے کا ایسا امتزاج ملتا ہے، جو جدید مشینی مصنوعات میں ملنا ممکن ہی نہیں ہیں۔ تیار ہونے والے کُھسّے پنجاب کے مختلف شہروں، خصوصاً فیصل آباد، ساہی وال، ملتان، اوکاڑہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، چیچہ وطنی، میاں چنوں، لاہور اور دیگر علاقوں میں فروخت کیے جاتے ہیں۔

جب کہ کمالیہ کے یہ روایتی کُھسّے، عیدین سمیت دیگر تہواروں پر فروخت کے ریکارڈ توڑ دیتے ہیں، خاص طور پر تلے دار فینسی اور دُلہنوں کے خصوصی کُھسّے مُلک بھر میں کوریئر کے ذریعے بھی روانہ کیے جاتے ہیں۔ عیدین، شادی بیاہ اور دیگر ثقافتی تقریبات کے موقعے پر مانگ میں نمایاں اضافے کے سبب بڑی تعداد میں آرڈرز موصول ہوتے ہیں، تو ان کی تکمیل کے لیے کاری گر دن رات ایک کردیتے ہیں۔

واضح رہے، کمالیہ کے کاری گر مختلف اقسام کے کُھسّے تیار کرتے ہیں، جن میں سادہ، تلے دار،کام دار اور فینسی کُھسّوں کے علاوہ دلہن اور بچّوں کے لیے روایتی سجاوٹ کے حامل پنجابی کھسّے شامل ہیں۔اور ان کُھسّوں کی تیاری میں عموماً اعلیٰ معیار کا چمڑا، مضبوط تلا، ربڑ، شیٹ، نرم فوم، استر، مضبوط دھاگا، گوند، ریشمی کپڑا، مخمل، گوٹا، زری، رنگ برنگے دھاگے، موتی اور دیگر آرائشی سامان استعمال کیا جاتا ہے، جب کہ فینسی کُھسّوں پر ہاتھ سے کی جانے والی کڑھائی، بنائے جانے والے بیل بوٹے، روایتی نقش و نگار اور نفیس ڈیزائن ان کی خُوب صُورتی میں مزید اضافہ کرتے ہیں۔

ایک معیاری کُھسّہ کئی مراحل سے گزر کر تیار ہوتا ہے ۔ سب سے پہلے تو چمڑے کا انتخاب کیا جاتا ہے کہ چمڑا مضبوط، نرم اور پائے دار ہو، تاکہ کُھسّہ زیادہ عرصہ استعمال کیا جاسکے۔ اس کے بعد مخصوص سانچوں کی مدد سے چمڑے کی کٹائی کی جاتی ہے۔ اگلے مرحلے میں اوپری حصّہ، اندرونی استر اور تلے کو الگ الگ تیار کیا جاتا ہے۔

اس کے لیے خالص چمڑے کے علاوہ مصنوعی چمڑا، فوم، شیٹ، ربڑ، مضبوط دھاگا، گوند اور دیگر ضروری سامان استعمال کیا جاتا ہے۔ تمام حصّوں کو نہایت مہارت سے جوڑنے کے بعد ہاتھ سے سلائی کی جاتی ہے، تاکہ مضبوطی برقرار رہے۔ فینسی کُھسّہ تیار کرنے کے لیے ریشمی دھاگوں، زری، گوٹے، موتی، نگینوں اور رنگین دھاگوں کی مدد سے ہاتھ کی کڑھائی کی جاتی ہے۔ بعض فینسی کُھسّوں کے ڈیزائن ایسے ہوتے ہیں کہ انہیں مکمل کرنے میں ایک سے دو دن بھی لگ جاتے ہیں، مگر یہی باریک بینی کمالیہ کے کُھسّے کو الگ پہچان اور شناخت دیتی ہے۔

کمالیہ کے متعدد خاندان کئی نسلوں سے اس پیشے سے وابستہ ہیں۔ بزرگوں سے ہوتا ہوا یہ ہنر آج نوجوان نسل تک منتقل ہورہا ہے، جس کی بدولت شہر کی یہ قدیم روایت آج بھی زندہ ہے۔ اگرچہ جدید فیکٹریز میں تیار ہونے والے جوتوں کی مارکیٹ میں اپنی جگہ ہے، مگر ہاتھ سے تیار کیے جانے والے کمالیہ کے کھسّے اپنی الگ پہچان اور ثقافتی وقار رکھتے ہیں۔ کمالیہ کا روایتی کُھسّہ صرف پیروں میں پہنے جانا والا ایک جوتا نہیں، یہ اس شہر کی ثقافت، محنت، ہنرمندی اور روایات کا عکاس بھی ہے۔ اگر اس صنعت کے کاری گروں کو جدید تربیت، آسان قرضے، نمائشوں میں شرکت کے مواقع اور حکومتی سرپرستی حاصل ہوجائے، تو اس ہنر سے وابستہ افراد مزید ترقی اور شہرکی مقامی معیشت کی بہتری میں بھی اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔کمالیہ کے قدیم بازاروں میں واقع ’’کُھسّہ بازار‘‘ شہر کی ان چند روایتی منڈیوں میں شمار ہوتا ہے، جنہوں نے بدلتے وقت کے ساتھ بھی اپنی شناخت برقرار رکھی ہے۔

اس بازار کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں صرف دکانیں ہی نہیں، بلکہ کئی جگہوں پر چھوٹی چھوٹی ورکشاپس بھی موجود ہیں، جہاں گاہک اپنی آنکھوں کے سامنے کُھسّے بنتے دیکھ سکتا ہے۔ بازار کے چاروں طرف مختلف ورک شاپس میں کہیں کاری گر، چمڑے کی کٹائی میں مصروف نظر آتے ہیں، تو کہیں سلائی ہو رہی ہے، کہیں تلا لگایا جا رہا ہے، تو کہیں ہاتھ سے خُوب صورت کڑھائی اور نقش و نگاربنائے جارہے ہیں اور یہی منظر اس بازار کو عام جوتوں کی مارکیٹ سے منفرد بناتا ہے۔

کمالیہ میں ہر طبقے اور عُمر کے افراد کی ضروریات مدِّنظر رکھتے ہوئے مختلف اقسام کے کُھسّے تیار کیے جاتے ہیں، مگر روزمرّہ استعمال کے سادہ کُھسّے سب سے زیادہ پسندیدہ ہیںکہ اُن کے ڈیزائن سادہ، لیکن مضبوطی اور پائے داری بے مثال اور قیمت بھی نسبتاً کم ہوتی ہے، جب کہ تلے دار کُھسّےمزید مضبوط سول کے ساتھ تیار کیے جاتے ہیں۔

کمالیہ کے کُھسّے کی ایک اہم خوبی اس کی مناسب قیمت بھی ہے کہ منہگائی کے اس دَور میں بھی مقامی کاری گر اعلیٰ معیار اور مناسب دام کا خاص خیال رکھتے ہیں۔ روایتی دست کاری کو زندہ رکھنے والے یہ فن کار، گراں فروشی کو مدِّنظر رکھتے ہوئے عوام النّاس کو ایک سستا اور پائے دار متبادل فراہم کررہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ آس پاس کے اضلاع کے علاوہ دیگر شہروں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی کمالیہ شہر کے بازاروں ہی سے کھسّے خریدنا پسند کرتے ہیں۔

مقامی تاجروں کے مطابق، بہت سے پرانے گاہک برسوں سے صرف کمالیہ ہی کے کُھسّے استعمال کررہے ہیںکہ ہمارا ہاتھ سے تیار کیا گیا کُھسّہ آرام دہ ہونے کے ساتھ مضبوط بھی ہوتا ہے۔اس ضمن میں افسوس ناک امر یہ ہے کہ نفاست، پائے داری میں بے مثال، قیمت میں کم، شان دار کھسّوں کی تیاری کی اس صنعت سے وابستہ افراد مختلف مسائل کا بھی سامنا کررہے ہیں۔ چمڑے اور دیگر خام مال کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے پیداواری لاگت بڑھ رہی ہے، جب کہ مشینوں سے تیار ہونے والے سستے جوتوں کی وجہ سے ہاتھ سے تیار کیے جانے والے کُھسّوں کی مانگ بھی متاثر ہوتی ہے۔

کئی کاری گر اس حوالے سے بھی تشویش کا اظہار کرتے ہیں کہ نئی نسل اس پیشے میں پہلے جیسی دل چسپی نہیں لے رہی، انہیں دوسرے شعبوں میں زیادہ آمدنی کے مواقع دکھائی دیتے ہیں۔ اگر یہی صورتِ حال برقرار رہی، تو یہ قدیم ہنر بھی زبوں حالی کا شکار ہوسکتا ہے۔

مقامی صنعت کاروں اور کاری گروں کا کہنا ہے کہ اگر حکومت چھوٹے دست کاروں کے لیے آسان قرضے، جدید تربیتی مراکز، ڈیزائننگ کی ورکشاپس، نمائشوں میں شرکت کے مواقع اور مارکیٹنگ کی سہولتیں فراہم کرے، تو اس صنعت کو مزید ترقی مل سکتی ہے۔

اس کے ساتھ عوام بھی اگر مقامی سطح پر تیار ہونے والی مصنوعات کو ترجیح دیں، تو نہ صرف یہ قدیم ہُنر محفوظ رہ سکے گا، بلکہ شہر کے سیکڑوں خاندانوں کا روزگار بھی مزید مستحکم ہوگا۔

سنڈے میگزین سے مزید