• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الکوحل کا استعمال (مے نوشی، شراب نوشی) نہ صرف یہ کہ دینِ اسلام میں حرام ہے، بلکہ یہ انسانی صحت کے لیے بھی اس قدر ضرر رساں ہے کہ صرف صحت کی تباہی ہی کا سبب نہیں بنتا، پوری انسانی شخصیت مسخ کر کے رکھ دیتا ہے۔ سائنسی طور پر یہ بات تسلیم شدہ ہے کہ الکوحل یعنی شراب، صحت کے لیےسخت نقصان دہ ہے۔

اعضائے رئیسہ دل، دماغ، معدے، جگر اور آنتوں کو متاثر کرتی ہے، جب کہ ایک حالیہ مطالعے کے رُو سے شراب کے مستقل استعمال سے دماغ کا سائز چھوٹا ہونے لگتا ہے۔ اس حوالے سے ماہرین صحت ایک تھیوری پیش کرتے ہیں کہ الکوحل انسانی دماغ یعنی برین کے ایمیون سسٹم کو بَری طرح ڈسٹرب کرتا ہے، جس کے سبب دماغ میں سوزش (Inflammation) آنا شروع ہوجاتی ہے اور یہی سوزش دماغ کے اہم ترین خلیات (Neurons) کو نقصان پہنچاتی ہے، نتیجتاً وقت گزرنے کے ساتھ دماغ کا سائز معمولی چھوٹا ہوجاتا ہے، بہ نسبت ایسے افرا کے، جو الکوحل کا استعمال نہیں کرتے۔ منہ اور گلے کے سرطان کی ایک اہم وجہ بھی شراب نوشی ہے۔

دراصل منہ میں موجود لعابِ دہن Saliva)) میں موجود لاتعداد جراثیم الکوحل کو ایک زہریلے کیمیائی مرکب )Acetaldehyde ایسٹ ایلڈی ہائیڈ) میں تبدیل کرتے ہیں، جو منہ اور گلے کے کینسر کا سبب بن سکتا ہے۔ ایسٹ ایلڈی ہائیڈ ایک ایسا خطرناک کیمیائی مادہ ہے، جو خلیے میں موجود ڈی این اے کی ہیئت یعنی شکل بھی تبدیل کرسکتا ہے۔ اسی وجہ سے ایسٹ ایلڈی ہائیڈ کو ’’CARCINOGEN‘‘ کی فہرست میں رکھا گیا ہے، جو جسم میں کینسر پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ایک تجزیاتی رپورٹ کے مطابق ایک گلاس شراب پینے سے منہ اور گلے کے سرطان کے امکانات13 فی صد، جب کہ غذائی نالی کے کینسر کے امکانات26 فی صد تک بڑھ جاتے ہیں، جب کہ اس علّت کے شکار افراد ہائی بلڈ پریشر کے عارضے میں بھی مبتلا ہوسکتے ہیں۔ اسی طرح مے نوش خواتین میں بریسٹ کینسر کے امکانات دس فی صد تک بڑھ جاتے ہیں۔ ماہرینِ صحت بریسٹ کینسر کی وجہ جسم میں ایسٹروجن ہارمون کی سطح میں اضافہ بتاتے ہیں اور کثرت آبِ ارغوانی یعنی شراب نوشی سے ہارٹ اٹیک اور فالج کے خطرات میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔

الکوحل ہمارے نظام ہاضمہ کا بھی دُشمن ہے۔ شراب کے باقاعدہ استعمال سے معدے اور آنتوں سے خون رسنا شروع ہوسکتا ہے، جس کو طبّی اصطلاح میںLeaky Gut Syndrome کہتے ہیں۔ ایک حالیہ اسٹڈی کے مطابق ایسے افراد، جو روزانہ دو یا اس سے زیادہ شراب کے گلاس پیتے ہیں، اُن میں بڑی آنت کے سرطان کے امکانات ہیں 25 فی صد تک اضافہ ہوجاتا ہے۔

واضح رہے، شراب نوشی سے جو عضو سب سے زیادہ متاثر ہوتا ہے، وہ ہمارا جگر (Liver) ہے۔ دُنیا بھر میں جگر کے امراض سے ہونے والی اموات کی ایک اہم وجہ شراب نوشی ہی ہے۔ درحقیقت الکوحل ایک ’’Toxic Agent‘‘ ہے، جو جگر کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچاتا ہے۔ جب کہ شراب نوشی سے متاثرہ مریض عموماً بہت تاخیر سے اسپتالوں کا رُخ کرتے ہیں۔ تب تک مریضوں کے چہرے پر سوجن، پیٹ میں  پانی بھرا ہوتا ہے۔

پیروں پر ورم آجاتا ہے، خون کی کمی ہوچکی ہوتی ہے اور بعض اوقات خون کی الٹیاں بھی شروع ہوجاتی ہیں۔ جب کہ اگر آنکھوں میں پیلاپن ظاہر ہونا شروع ہوجائے، تو مریض کی زندگی کو اصلِ خطرہ تب لاحق ہوتا ہے۔ یاد رکھیں، اگر ایک مرتبہ جگر ناکارہ ہوجائے، تو اس کا علاج تقریباً نا ممکن ہی ہوتا ہے کہ جگر کی پیوندکاری ہر کسی کے بس کی بات نہیں۔

ابتدائی مر حلے پر ترک ِشراب نوشی سے تو جگر اپنی اصلی حالت بحال بھی کرلیتا ہے، لیکن اگر نا قابلِ تلافی نقصان ہوجائے تو مداوا مشکل ہوجاتا ہے۔ یاد رکھیں، الکوحل کے استعمال سے جگر کے کینسر کے امکانات بہت بڑھ جاتے ہیں کہ الکوحل جگر میں جاکر ایک زہریلے مادے ’’ Acetaldehyde‘‘میں تبدیل ہوجاتا ہے، جو جگر کے خلیات کے لیے زہرِ قاتل سے کم نہیں۔

لہٰذا ضرورت اِس امر کی ہے۔ اپنی صحت کا مکمل خیال رکھیں۔ بری علتّوں سے بچیں، خاص طور پر شراب نوشی سے کہ جو موجبِ گناہ ہی نہیں، صحت انسانی کی جانی دشمن بھی ہے۔

( مضمون نگار، بطور چیف میڈیکل آفیسر، گیسٹرو ڈیپارٹمنٹ، سول اسپتال، حیدرآباد میں خدمات انجام دے رہے ہیں)

سنڈے میگزین سے مزید