ماہین علوی، یو آئی ٹی، لاہور
شہر کے آخری کنارے پر واقع وہ پرانا ریلوے اسٹیشن اب وقت کی شکستہ یادگار بن چُکا تھا۔ کبھی وہاں زندگی شور مچایا کرتی تھی۔ ریل گاڑیوں کی سیٹیاں، مسافروں کی آوازیں، بچّوں کی ہنسی، اوررخصت ہوتےلوگوں کی نم آنکھیں۔ مگر اب وہاں صرف خاموشی بسیرا کرتی تھی۔ شام ڈھلتے ہی اسٹیشن پر ایسا سناٹا اُترتا، جیسے وقت نے بھی اُس جگہ سے اپنا رشتہ توڑ لیا ہو۔ اُسی سنسان اسٹیشن کے قریب بابا سلیم اپنے خستہ حال مکان میں رہتے تھے۔ سفید داڑھی، جُھکی ہوئی کمر، دھیمی آواز، اور آنکھیں، ایسی آنکھیں جن میں برسوں کا خاموش انتظار جھلکتا۔
لوگ انہیں ایک پُراسرار شخصیت سمجھتے تھے، کیوں کہ ان کی ایک عادت پورے علاقے کے لیے حیران کُن تھی۔ اُن کا معمول تھا کہ ہر رات ٹھیک بارہ بجے، وہ اپنے گھر کی چھت پر جاتے اور ایک پرانی لالٹین روشن کر دیتے۔ وہ زرد روشنی دُور تک اندھیرے میں تیرتی رہتی، جیسے کسی کھوئی ہوئی رُوح کو راستہ دکھا رہی ہو۔’’یہ کس کے لیے چراغ جلاتے ہیں؟‘‘ ’’کسی کا انتظار ہے ان کو کیا؟‘‘ ’’یا… شاید یہ پاگل ہوگئے ہیں؟‘‘ یہ سرگوشیاں عام ہوچُکی تھیں، مگر بابا سلیم کی جانب سکوت رہا۔
وقت گزرتا رہا، مگر لوگوں کی سرگوشیاں ایک مکمل سوال بن کر اُن تک نہ پہنچ سکیں اور یہ راز، سب کے لیے راز ہی رہا۔ پھر ایک دن، اس محلے میں احمد آیا۔ وہ یونی ورسٹی میں صحافت کا طالبِ علم تھا۔ اُسے کہانیوں میں پوشیدہ وہ عناصر تلاش کرنے کا جنون تھا، جو دنیا کی نظر سے اوجھل ہوتے۔ جب اس نے بابا سلیم اور ان کی لالٹین سے متعلق سُنا تو اس کے اندر عجیب سا تجسّس جاگا۔ اُس نے فیصلہ کیا کہ وہ اس راز کو جانے بغیر یہاں سے نہیں جائے گا۔
اُس رات سرد ہوا چل رہی تھی۔ آسمان پر بادل چھائے ہوئے تھے اور پورا اسٹیشن دھند میں لپٹا ہوا تھا۔ احمد خاموشی سے بابا سلیم کے گھر کے باہر بیٹھ گیا۔ چند ثانیے بعد دروازہ کُھلا۔ بابا سلیم آہستہ آہستہ سیڑھیاں چڑھتے ہوئے چھت پر آئے۔ اُن کے ہاتھ میں وہی پرانی لالٹین تھی۔ انہوں نے ماچس جلائی، شیشہ صاف کیا، اور چراغ روشن کردیا۔ مدھم زرد روشنی نے اندھیرے کے سینے پر ایک نرم لکیر کھینچ دی۔ احمد نے ہمّت کر کے آواز دی۔ ’’بابا جی… السلام علیکم! آپ ہر رات یہ لالٹین کیوں جلاتے ہیں؟‘‘ بابا سلیم چونکے نہیں۔
جیسے برسوں سے اس سوال کے منتظر ہوں۔ ’’کیوں کہ کچھ لوگ اندھیرے میں راستہ بھول جاتے ہیں۔‘‘ انہوں نے دھیرے سے کہا۔ ’’اندھیرا… لوگ؟ لیکن یہاں تو اب کوئی ٹرین ہی نہیں آتی۔‘‘ بابا سلیم نے دُور پٹریوں کی طرف دیکھا، جہاں دھند خاموشی سے رینگ رہی تھی۔ ’’ہر مسافر ریل گاڑی سے نہیں آتا، بیٹا۔‘‘ کچھ تامل کے بعد پھر بولے۔ ’’کچھ لوگ زندگی کے سفر میں کھو جاتے ہیں۔‘‘ احمد کو ان کی آنکھوں میں ہلکی سی نمی کا گمان ہوا۔
وہ اُن کے قریب بیٹھ گیا۔ کچھ دیر خاموش رہنے کے بعد انہوں نے کہنا شروع کیا۔ ’’آج سے چالیس سال پہلے، اِسی اسٹیشن پر میرا بیٹا کھو گیا تھا۔‘‘ احمد چونک اٹھا۔ ’’کھو گیا تھا؟‘‘ ’’ہاں!‘‘ بابا سلیم کی نظریں لالٹین کی لو پرجم گئیں۔ ’’اُس رات بہت اندھیرا تھا۔‘‘ ذہن یادوں کے دھندلے اوراق پلٹنے لگا۔ ’’بارش برس رہی تھی۔ حارث مجھ سے ناراض ہو کر گھر سے نکل گیا۔ وہ صرف بارہ سال کا تھا۔ مَیں نے پوری رات اُسے ہر جگہ ڈھونڈا، مگر…‘‘ اُن کی آواز لرز گئی۔ ’’اگلے دن لوگوں نے بتایا کہ اُسے آخری بار پٹریوں کے قریب دیکھا تھا۔
شاید وہ راستہ نہ دیکھ سکا، شاید ڈر گیا ہو، یا شاید اُسے لگا ہو کہ کوئی اسے ڈھونڈنے نہیں آئے گا۔‘‘کچھ دیر تک صرف ہوا کی سنسناہٹ سنائی دیتی رہی۔ احمد گم صُم بیٹھا بابا سلیم کو دیکھتا رہا، اس کو پہلی مرتبہ الفاظ کی کمی محسوس ہوئی۔ بابا سلیم نے گہری سانس لی اور خُود کو سنبھالتے ہوئے ایک بار پھر احمد سے مخاطب ہوئے۔ ’’اس دن کے بعد سے مَیں نے ہر رات یہ لالٹین جلانی شروع کردی۔
پہلے اس اُمید پر کہ شاید میرا بیٹا واپس آ جائے… پھر اس احساس کے ساتھ کہ دنیا میں بہت سے لوگ اندھیروں میں کھو جاتے ہیں۔‘‘ وہ خاموشی سے سنتا رہا۔ ’’اور بیٹا! ہمیشہ باہر کے اندھیرے ہی انسان کو نہیں بھٹکاتے۔ بعض اوقات انسان اپنےاندر کے اندھیروں کےسبب بھی خوار ہوجاتا ہے۔ لوگ بظاہر ہنستے بولتے ہیں، محفلوں میں بیٹھتے ہیں، کام یاب بھی ہوتے ہیں مگر… اندر سے ٹوٹ پُھوٹ چُکے ہوتے ہیں۔ ایسے لوگوں کو راستہ نہیں، صرف ایک موہوم سی روشنی درکار ہوتی ہے۔‘‘ ’’اور آپ کی یہ لالٹین…وہ موہوم روشنی ہے؟‘‘’’یہ اُمید کا استعارہ ہے۔‘‘
اُسی لمحے پٹریوں کے قریب کوئی سایہ سا ہلا اور دونوں کی توجّہ یک دَم اس پرمبذول ہوگئی۔ ’’اُدھر کون ہے؟‘‘احمد گھبرا گیا۔ بابا سلیم فوراً اُٹھے اور لالٹین ہاتھ میں لے کر نیچے اُترنے لگے۔ احمد بھی اُن کے پیچھے لپکا۔ پٹریوں کے پاس ایک نوجوان بیٹھا تھا۔ اُس کے کپڑے گرد سے اٹے ہوئے اور آنکھوں میں شدید تھکن تھی، جیسے وہ مسلسل رَت جگوں کی شکایت کر رہی ہوں۔ بابا سلیم اُس کے قریب بیٹھ گئے۔ ’’بیٹا! راستہ بھول گئے ہو؟‘‘ یک دم سسکیوں کی آواز اُبھری، اور کچھ ہی دیر میں سر جھکائے تنہا بیٹھا وہ اَن جان لڑکا باقاعدہ ہچکیوں سے رونے لگا۔
’’مجھے سمجھ نہیں آ رہا، گھرجاؤں یا نہیں۔‘‘ لڑکا روتے ہوئے کہہ رہا تھا۔ ’’کیوں؟‘‘ بابا سلیم اوراحمد دونوں نے بیک زبان پوچھا۔ ’’کیوں کہ میں ناکام ہوگیا ہوں۔ مَیں نے سب کی اُمیدیں توڑ دی ہیں۔‘‘ بابا سلیم نے خاموشی سے لالٹین اُس کے سامنے رکھ دی۔ ’’اندھیرا، ہمیشہ راستہ ختم نہیں کرتا بیٹا! کبھی کبھار وہ صرف انسان کی ہمّت چُھپا لیتا ہے۔‘‘ نوجوان خاموش رہا۔ ’’جب انسان خُود کو ناکام سمجھنے لگتا ہے، تب وہ دراصل اپنے اندر کی روشنی بُجھا دیتا ہے۔‘‘ احمد حیرت سے یہ سب دیکھ رہا تھا۔
اُسے محسوس ہوا، جیسے بابا سلیم صرف اس نوجوان سے نہیں، اس دنیا کے ہر ٹوٹے ہوئے انسان سے مخاطب ہوں۔ ’’اگر روشنی واپس نہ آئے تو؟‘‘ کچھ دیر بعد نوجوان نے لرزتی آواز میں پوچھا۔ بابا سلیم مُسکرائے۔ ’’تو کسی اور کی روشنی تب تک ادھار لے لو، جب تک تمہاری اپنی لو دوبارہ نہ جل جائے۔‘‘ ایک بار پھر، ماحول پروہی سکوت چھا گیا، کندھوں پر شفقت کا ہاتھ رکھے بابا جی اس ان جان راہی کو زندگی جینے کے گُر سکھا گئے تھے۔ اور… پھر ایک مدھم سی آواز آئی۔ ’’مَیں گھر جانا چاہتا ہوں۔‘‘
غالباً نوجوان زندگی کا مقابلہ کرنے کا فیصلہ کر چُکا تھا۔ ’’بس، یہی پہلا رستہ ہوتا ہے۔‘‘ نا اُمیدی کو بُری طرح شکست ہو چُکی تھی۔ احمد کی نگاہوں نے اس نوجوان کا دُور تک تعاقب کیا، یہاں تک کہ لرزتے قدموں کے ساتھ وہ تاریکی میں اوجھل ہوگیا۔ ’’بابا جی! کیا واقعی ایک چھوٹی سی لالٹین کسی کی زندگی بدل سکتی ہے؟‘ احمد نے اُسی انداز میں بیٹھے، بڑے کھوئے کھوئے انداز میں باباجی سے سوال کیا۔
’’میرے بچّے! ہمیشہ سورج ہی اندھیرا نہیں مٹاتا، بعض اوقات ایک ننھی سی لو بھی کافی ہوتی ہے، بشرطیکہ وہ اُمید سے جلائی گئی ہو۔‘‘اُس رات جب احمد واپس لوٹا تو اُسے پہلی بار احساس ہوا کہ تاریکی محض روشنی کی غیر موجودگی ہی نہیں بلکہ یہ انسان کے اندر اُمید ختم ہونے سے بھی جنم لیتی ہے اور اندر کی تاریکی پاٹنے کے لیے کسی جلتے چراغ کی نہیں ایک ہم درد انسان کی ضرورت ہوتی ہے۔
اگلی رات محلے والوں نے ایک عجیب منظر دیکھا۔ بابا سلیم کی چھت پر ایک نہیں، دو دو لالٹینیں جل رہی تھیں۔ ایک بابا سلیم کے ہاتھ میں تھی،اور دوسری احمد کے ہاتھ میں۔
ناقابلِ اشاعت نگارشات اور ان کے تخلیق کار برائے صفحہ ’’ڈائجسٹ‘‘
٭ اقوالِ زریں (ڈاکٹر شاہد ایم شاہد، واہ کینٹ) ٭ روبوٹ (محمّد صفدر خان ساغر، راہوالی، گوجرانوالہ) ٭ منظوم ترجمہ، اقوال (قاسم عباس، میسی ساگا، کینیڈا) ٭ یادوں کے چراغ، انسانیت کی خوشبو (ذوالفقار حسین نقوی، نیو رضویہ سوسائٹی، کراچی) ٭ ایلچی، گریسن کی واپسی، عفریت (محمّد شاکر لبانہ، بستی اللہ بخش) ٭ کاغذوں میں چُھپا خواب (سمانہ اسد) معلوماتِ عامہ، خُوب صورت باتیں، حکمت کی باتیں (فضٰی عارف نیازی، ہاشم عارف نیازی، جھاورہ، راول پنڈی) ٭ دُور کے ڈھول (اُمِ ایمان) ننّھا سپاہی،ادھوری کہانی (عماد مزاری) ٭ جینا یہاں، مرنا یہاں (ف۔ س اعجاز، بھارت) ٭80 برس پیچھے (نام نہیں لکھا، پیراگون سٹی، برکی روڈ، لاہور) ٭ ماں کا گھر (نصرت جان، مَری کالج روڈ، سیال کوٹ) ٭ اللہ کو بتائوں گی (رانا محمّد شاہد، گلستان کالونی، بورے والا) ٭ پڑھے گی لڑکی (جبیں نازاں، لکشمی نگر، نئی دہلی، بھارت) ٭ جنّت کے پھول (زہرا یاسمین) ٭ صبا اور خضر (کلثوم پارس)٭ دُعا(مبشرہ خالد)٭واپسی کا سفر(عالیہ توصیف، آسٹریلیا)٭دھوپ کفن، دکھاوے کی زندگی (صبا احمد، کراچی)٭ خاموش برداشت (طوبی سعید، اچھرہ، لاہور)٭ فیصلہ، جوڑی (اختر شاہ عارف، ڈھوک جمعہ، جہلم)٭بنیرہ(اسد طارق اسد) ٭زنگ (نعمان اسحٰق)٭ بوڑھا باپ(ترجمہ: شمیم عادل)٭ لطائف ( پرنس افضل شاہین، نادر شاہ بازار، بہاول نگر)٭نومبر اور میپل کے پتے (ارسلان اللہ خان، حیدرآباد)۔
ناقابلِ اشاعت کلام اور اُن کے تخلیق کار
٭ زندگی، نعت، میرا وطن (صبا احمد، کراچی) ٭ تم کہتے ہو (ریما خان، کراچی) نفرت (شری مرلی چند جی گوپی چند گھوگھلیہ، شکارپور) ٭ پیارے پیارے بچّے (ببو بدایونی، کراچی) ٭ تری فضاؤں میں (سماویہ اعظم) ٭ نعت (اشفاق احمد ایوبی ایڈووکیٹ) ٭ غزلیات (شہناز اصغر خان، خانیوال)،٭بےنقطہ غزل(سید آفتاب حسین)٭غزل (محمّد یامین، لیاقت آباد، کراچی)٭ نظم غفلت( شمائلہ اکرام)٭ مَیں گیت لکھتی ہوں( شمیم عادل)٭سپنوں کا شہزادہ( شگفتہ عادل)٭ زوالِ دستور، فرمانِ موت( محمد ہاشم، بدین)٭نعت( ناز اوکاڑوی)٭ عشقِ شہادت( مکرم حسین)۔