اسلام آباد ( طاہر خلیل )فیلڈ مارشل عاصم منیر سے جی ایچ کیو راولپنڈی میں برطانیہ کے چیف آف جنرل اسٹاف نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سیکورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے دیرینہ دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، فوجی سطح پر دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ ملاقات کی ،تفصیلات کے مطابق ملاقات میں علاقائی امن، سلامتی اور باہمی ترقی کے اہداف حاصل کرنے کیلئے مستقبل میں بھی باہمی قریبی روابط اور اشتراکِ کار کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر اور برطانیہ کے چیف آف جنرل اسٹاف کی ملاقات میں پاک برطانیہ دفاعی اور سکیورٹی تعاون مزید بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا،ترجمان کے مطابق اس موقع پر فیلڈ مارشل نے برطانیہ کے ساتھ دفاعی تعلقات مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا، برطانوی چیف آف جنرل اسٹاف نے پاک افواج کی آپریشنل تیاریوں کو سراہا اور علاقائی امن و استحکام کیلئے پاک افواج کی خدمات کا اعتراف کیا۔پاکستان اور برطانیہ نے دفاعی تعاون اور فوجی تعلقات مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا، جی ایچ کیو آمد پربرطانوی چیف آف جنرل اسٹاف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔