اسلام آباد ( طاہر خلیل)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد کی حدود میں توسیع کی فی الحال کوئی بات میرے علم میں نہیں ہے تاہم وفاقی دارالحکومت کے ماسٹر پلان کا جامع جائزہ لیا جا رہا ہے، ایکسپریس وے توسیعی منصوبے کو آئندہ 60 دنوںمیں مکمل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، سپارکو کی تازہ رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں شجرکاری میں 28 فیصد اضافہ ہوا ہے،ڈی آئی جی کے گھر پیش آنے والے افسوسناک واقعے کی تفتیش میں پولیس کسی دباؤ یا لچک کا مظاہرہ نہیں کرے گی۔اسلام آباد ایکسپریس وے توسیعی منصوبے کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ شہر کے ماسٹر پلان کا ریویو کر کے یہ دیکھا جا رہا ہے کہ کہاں کہاں کن سہولیات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سپارکو کی رپورٹ آ گئی ہے جس کے مطابق یکم جنوری 2025ء سے اب تک گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران اسلام آباد میں شجرکاری میں 28 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور اب ان علاقوں پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے جہاں درختوں کی تعداد کم ہے، ایکسپریس وے کے دونوں اطراف ’’نیو بلیو ایریا‘‘ اور بلند و بالا عمارتوں کی تعمیر کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کے قانونی پہلوؤں پر کام جاری ہے اور مکمل ورکنگ کے بعد ہی اسے حتمی شکل دی جائے گی۔ایکسپریس وے توسیعی منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ 30 اکتوبر کو سوئی گیس کی پائپ لائنز منتقل ہونے کے بعد اب کام پوری رفتار سے جاری ہے، اگرچہ اس منصوبے کو آئندہ سال جون میں مکمل ہونا تھا، لیکن حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ اسے 60 دنوں تک مکمل کر لیا جائے۔