اسلام آباد (صالح ظافر)بنگلہ دیش کا بھارت سے دہشت گردی پر وضاحت طلب کرنے کا مطالبہ، بھارت عوامی لیگ کے کارکنوں کو پناہ دینے کے ساتھ ساتھ انہیں تربیت بھی فراہم کر رہا ہے، حسنات عبداللہ۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کی پارلیمنٹ کے ممتاز رکن اور نیشنل سٹیزن پارٹی کے سینئر جوائنٹ کنوینر حسنات عبداللہ نے الزام عائد کیا ہے کہ بھارت بنگلہ دیش کے خلاف ’’پراکسی جنگ‘‘ لڑنے کے لیے کالعدم عوامی لیگ اور چھاترا لیگ کو استعمال کر رہا ہے۔ ڈھاکہ کے ذرائع ابلاغ نے منگل کے روز یہ خبر دی۔ ’’یہ بھارت کی جنگ ہے، یہ بھارت کی پراکسی جنگ ہے۔ اس جنگ میں اب اس کی سڑکوں پر سرگرم فورس چھاترا لیگ یا عوامی لیگ ہے۔‘‘ یہ بات حسنات عبداللہ نے ڈھاکہ میں نیشنل سٹیزن پارٹی کے بنگلاموٹر دفتر میں منعقدہ ایک مباحثے کے دوران کہی۔