ملتان (سٹاف رپورٹر) طلبہ کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھنے کیلئے خصوصی مہم شروع کرنیکا فیصلہ، آگہی لیکچرز اور منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن ہوگا، تفصیل کے مطابق محکمہ سکولز پنجاب نے سیکورٹی اداروں کیساتھ ملکر تعلیمی اداروں میں طلبہ و طالبات کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھنے اور نوجوان نسل کو نشے کے تباہ کن اثرات سے بچانے کیلئے خصوصی مہم شروع کرنیکا فیصلہ کیا ہے،مہم کے تحت تعلیمی اداروں میں آگہی لیکچرز اور شعور اجاگر کرنیکی سرگرمیوں کے ساتھ منشیات فروشوں کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائیگا جبکہ اس سلسلے میں متعلقہ اداروں اور انسداد دہشتگردی کے محکمے (سی ٹی ڈی) کی خدمات بھی حاصل کی جائینگی‘ ذرائع کے مطابق خصوصی مہم کا مقصد طلبہ کو منشیات، سگریٹ اور ویپ کے استعمال سے محفوظ رکھنا اور تعلیمی اداروں میں منشیات کے بڑھتے ہوئے خطرات کی روک تھام کرنا ہے‘اس مقصد کیلئے والدین اور اساتذہ کو بھی مہم کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ بچوں کی عادات، میل جول اور روزمرہ سرگرمیوں پر نظر رکھتے ہوئے انہیں نشے کی جانب راغب ہونے سے بچایا جا سکے۔