ملتان ( سٹاف رپورٹر)عالمی یومِ انسدادِ بدعنوانی کی مناسبت سے قومی احتساب بیورو ملتان کے زیرِ اہتمام آل پاکستان ویمنز ایسوسی ایشن (APWA) ویمنز ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ ملتان میں آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا۔ سیمینار کا موضوع "با اختیار خواتین ، کرپشن سے پاک معاشرہ: دیانتداری اور احتساب کے فروغ میں خواتین کا کردار" تھا۔سیمینار میں APWA کی ایگزیکٹو ممبر طاہرہ نجم، پرنسپل ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ مس عابدہ، ڈپٹی ڈائریکٹر نیب ملتان مہوش نورین، اسسٹنٹ ڈائریکٹر نیب ملتان ثناء اصغر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر نیب ملتان انعم خان نے شرکت کی۔ اس موقع پر مس ثناء اصغر اور مس انعم خان نے خصوصی لیکچرز دیے، جن میں بدعنوانی کے خاتمے اور معاشرتی برائیوں کے سدباب میں خواتین کے کلیدی کردار کو اجاگر کیا گیا۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین معاشرے کے فعال ارکان کی حیثیت سے دیانتداری، امانت داری، جوابدہی اور شفافیت کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کر سکتی ہیں۔ انہوں نے طالبہ سے کہا کہ وہ اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی میں اخلاقی اقدار کو اپنائیں اور بدعنوانی و بدعنوان رویوں کے خلاف آواز بلند کریں۔سیمینار کے شرکاء کو قومی احتساب بیورو کے کردار، دائرۂ کار اور ذمہ داریوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔سیمینار کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ خواتین کی اجتماعی شرکت، شعور و آگاہی اور اخلاقی اقدار سے وابستگی ایک شفاف، جوابدہ اور بدعنوانی سے پاک معاشرے کے قیام کیلئے ناگزیر ہے۔