راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چودھری نے سنٹرل پولیس آفس میں اردل روم کا انعقاد کیا،جہاں پولیس افسران و جوانوں نے اپنے سرکاری اور ذاتی مسائل پیش کیے۔ آئی جی اسلام آباد نے تمام درخواست گزاروں کے مسائل تفصیل سے سنے اور متعلقہ افسران کو قواعد و ضوابط کے مطابق بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کے حل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ پولیس افسران و جوانوں کے جائز مسائل کا بروقت ازالہ محکمانہ امور کا اہم حصہ ہے۔درخواستوں اور محکمانہ معاملات کو غیر ضروری طور پر زیرِ التوا نہ رکھا جائے بلکہ تمام امور میرٹ، شفافیت اور مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق نمٹائے جائیں۔