• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیا کپ رائزنگ، شاہینز نے ہاتھ نہ ملانے والے بھارت کا تکبر پیروں تلے روند دیا، 48 رنز سے فتح

کراچی (عبدالماجدبھٹی) ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کرکٹ ٹورنامنٹ میں دفاعی چیمپئن پاکستان اے نے بھارت اے کی مضبوط ٹیم کو48 رنز شکست دے کر دھول چٹا دی ۔ میچ سےقبل ٹاس کے بعد سے گرما گرمی شروع ہوئی، جو میچ میں بھی جار ہی،خود کو برترسمجھنے والے بھارتی کھلاڑیوں کاتکبر پاکستانی شاہینوں نے پیروں تلے روند دیا۔ ہرشت رانا کو ان کی بدتمیزی کا جواب مل گیا۔گرین شرٹس نے مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی اور سیمی فائنل کے لئے کوالی فائی کرلیا۔ میچ کے ہیرو حسن نواز نے79رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلنے کے بعد45 رنز دے کر وکٹ لئے اور ایک کیچ بھی لیا۔ علی رضا نے56 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ بھارتی ٹیم 49.1اوورز میں265 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ جبکہ گروپ میچ میں نیپال کو306 رنز سے شکست دینے والی بھارتی ٹیم کو پہلی شکست ہوئی۔ بھارت کو تلک ورما، ابھیشیک شرما، سوریا ونشی ، ہرشت رانا اوررینکو سنگھ جیسے کھلاڑیوں کی خدمات حاصل تھیں۔ دوحا قطر میں اتوار کی شب میچ کشیدہ ماحو ل میں کھیلا گیا اور کئی بار بھارتی کھلاڑی آپے سے باہر ہوئے۔ کپتان تلک ورما سب سے آخر میں ایک سو رنز بناکر احمد دانیال کا شکار بنے۔ شہباز احمد نے49 گیندوں پر چار چھکوں کی مدد سے56 رنز بنائے۔ کپتان تلک ورما اور شہباز احمد کی 112 رنز کی شراکت بھی رائیگاں گئی۔ عمران رندھاوا نے69 رنز دے کر دو وکٹ حاصل کئے۔ بھارتی بیٹنگ کوعمران رندھاوا نے پہلا نقصان پہنچایا جب سوریا ونشی11 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ علی رضا نے بدونی کو صفر پر بولڈ کردیا اس کے بعد حسن نواز نے اپنی بولنگ سے تین وکٹیں لے کر حریف ٹیم کو نقصان پہنچایا جس میں ڈینجر مین ابھیشیک شرما کی وکٹ بھی شامل تھی۔ وہ42 گیندوں پر70 رنز بناکر آئوٹ ہوئے جس میں پانچ چھکے اور پانچ چوکے بھی شامل تھے۔ صفیان مقیم نے وکٹ کیپر کمار کو بولڈ کیا۔ 26 ویں اوور میں129 رنز پر چھ وکٹ گر گئے تھے۔ قبل ازیں پاکستان اے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے49.2اوورز میں313رنز بناکر آئوٹ ہوگئے۔ اننگز میں13 چھکے مارے گئے۔ ایشیا کپ فائنل کے بعد حسن نواز نے بھارت کے خلاف ایک اور جارحانہ اننگز کھیلی ۔ انہوں نے82 گیندوں پر79 رنز چار چھکوں اورپانچ چوکوں کی مدد سے بنائے۔ شامل حسین اور معاذ صداقت نے پہلی وکٹ پر66 اسکور کئے۔ معاذ نے63 گیندوں پر59 رنز ایک چھکے اورچھ چوکوں کی مدد سے بنائے۔ شامل حسین نے33 ، کپتان عبدالصمد نے28، محمد عمران نے23 رنز کی اننگز کھیلی۔ روحیل نذیر صفر پر آئوٹ ہوئے۔ ہرشت رانا نے77، پرنس یادیو نے60، سوریا نش نے55 اوروپراج نے46 رنز دے کر دو دو وکٹ حاصل کئے۔