سکھر (بیورو رپورٹ) کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دینے کے حوالے سے میئر سکھر کا بیان ایک بار پھر کاغذوں کی حد تک محدود ہوکر رہ گیا، عملی پیش رفت کچھ بھی نہ ہوسکی، سروے فارم بناکر یوسی کی سطح پر فراہم نہیں کیا جاسکا، لوگوں کی بڑی تعداد کے کونسلرز، وائس چیئرمین، یوسی چیئرمین سے سوالات کررہی ہیں، البتہ یوسی کے بلدیاتی نمائندے صاف انکار کررہے ہیں کہ ہمیں اب تک اس حوالہ سے کچھ نہیں معلوم اور نہ ہی ہمیں کوئی فارم دیا گیا ہے. گزشتہ ہفتہ میئر سکھر نے کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق کی فراہمی کے حوالہ سے واشگاف الفاظ میں کہا تھا کہ یہ خالص انسانی معاملہ ہے، اسے سیاسی عینک سے نہ دیکھا جائے، ایک فارم بناکر یوسی کی سطح پر فراہم کریں گے تاکہ کچی آبادیوں کے معاملہ میں مزید پیش رفت ہوسکے مگر افسوس میئر سکھر کراچی میں ہی مصروف رہے، ایک ہفتہ سے زیادہ وقت گزرنے کے باوجود یوسی کی سطح پر سروے فارم نہیں دیا جاسکا ہے. شہری و عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ہاتھی کے دانت دکھانے کے اور، کھانے کے اور ہوتے ہیں، یہ مشہور محاورہ میئر سکھر کی اداکاری پر مکمل اترتا ہے، ایک طرف تو وہ کچی آبادی والوں کے ہمدرد بن کر تمام سیاسی جماعتوں کو اس مسئلہ کے حل میں مخلصانہ تعاون کی دعوت دے رہے ہیں مگر دوسری طرف خود عملی اقدامات کچھ بھی نہیں کررہے ہیں، انہیں عوامی مسائل سے حقیقی معنوں میں کوئی غرض نہیں. وزیر اعلیٰ سندھ، وزیر بلدیات ودیگر اعلی حکام نوٹس لیں، میئر سکھر کون اپنی ذمہ داریوں کی احسن انداز سے ادائیگی کا احساس دلوائیں اور کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دینے کے معاملات میں عملی پیش رفت یقینی بنوائیں. واضح رہے کہ کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دینے کا معاملہ کئی دہائیوں سے التواء کا شکار ہے، کئی نسلیں پیدا ہوئیں، بچپن سے گزر کر جوانی تک پہنچی، جوانی سے بڑھاپے تک کا سفر بھی طے کیا مگر کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا جو کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کی سراسر نفی کے مترادف ہے۔