کراچی (نیوز ڈیسک) اسکردو میں درجہ حرارت منفی 6ڈگری ،کوئٹہ میں پارہ 3ڈگری ریکارڈ کیا گیا،ملک کے بیشتر علاقوں میں خشک سردی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔اسکردو اور گردونواح میں شدید سردی کی لہر نے معمولات زندگی متاثر کرنا شروع کر دیے، شہری علاقوں میں درجہ حرارت منفی 6ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے سے درختوں اور پتوں پر برف کی سفید تہہ جم گئی، جبکہ کوئٹہ میں بھی سردی کی شدت بڑھنے لگی ہے۔ملک کے بیشتر علاقوں میں خشک سردی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، بالائی علاقوں میں یخ بستہ ہواؤں کے باعث صبح اور شام کے اوقات میں سردی کی شدت زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔ اسکردو اور ملحقہ علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے 6ڈگری نیچے جانے کے باعث درختوں اور پتوں پر جمنے والی برف نے موسم کی شدت کو نمایاں کر دیا ہے۔بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی سردی کی لہر برقرار ہے۔ کوئٹہ میں درجہ حرارت 3ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قلات میں صفر ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ زیارت میں کم سے کم درجہ حرارت 6، ژوب میں 10، سبی میں 13 اور تربت میں 16ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔